Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانیوں کی واپسی،پروازوں کا نیا شیڈول جاری نہ ہو سکا

آخری دفعہ جو شیڈول جاری کیا گیا تھا وہ 26 جون سے یکم جولائی کا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے پائلٹوں کی مشکوک ڈگریوں اور لائسنسوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد رواں ہفتے کے لیے خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری نہیں کیا جا سکا۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا دعویٰ ہے کہ خصوصی پروازوں کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
کورونا کی وبا کے باعث بیرون ملک بالخصوص خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے وزارت سمندر پار پاکستانیز، دفتر خارجہ، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی مشترکہ کوششوں سے خصوصی پروازوں کے ذریعے ہزاروں افراد کو وطن واپس پہنچایا گیا ہے۔
اس حوالے سے کورونا کے حوالے سے بنائی گئی خصوصی ویب سائٹ پر پروازوں کا شیڈول جاری کیا جاتا تھا۔ مختلف ممالک بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر بھی یہ شیڈول شیئر کرتے تھے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کے تمام سوشل میڈیا پیجز بھی باقاعدگی سے یہ شیڈول جاری کرتے تھے۔
آخری دفعہ جو شیڈول جاری کیا گیا تھا وہ 26 جون سے یکم جولائی کا تھا۔ اردو نیوز نے یکم جولائی کو تمام متعلقہ اداروں سے شیڈول بارے دریافت کیا، لیکن کسی ادارے کے پاس بھی شیڈول نہیں تھا۔
 پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایئرلائن کے حوالے سے ہونے والی تمام تر پیش رفت بالخصوص متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان سے پروازوں پر پابندی کے باوجود خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔ جب ان سے پروازوں کا شیڈول مانگا گیا تو انھوں نے کورونا سے متعلق ویب سائٹ دیکھنے کا مشورہ دیا۔
کورونا سے متعلق ویب سائٹ پر 20 جون تک شیڈول موجود ہے اور نوٹ لکھا گیا ہے کہ اس کے بعد سے خصوصی پروازوں کا شیڈول اپ لوڈ نہیں کیا جائے گا۔
وزارت سمندرپار پاکستانیز میں بیرون ملک سے واپس آنے کے خواہشمند افراد کے حوالے سے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔
اردو نیوز نے اس سیل سے بھی رابطہ کیا اور دو جولائی سے شروع ہونے والے ہفتے کے شیڈول بارے دریافت کیا تو ان کی جانب سے بتایا گیا کہ سول ایوی ایشن شیڈول بنا کر معاون خصوصی زلفی بخاری کو بھیجتی ہے۔

کورونا سے متعلق ویب سائٹ پر 20 جون تک شیڈول موجود ہے (فوٹو: اے ایف پی)

 ’معاون خصوصی کا سوشل میڈیا سیل یہ شیڈول جاری کرتا ہے اور ہمیں بھی مل جاتا ہے تاہم ابھی تک ہمارے پاس کوئی نیا شیڈول موصول نہیں ہوا۔‘
اردو نیوز نے زلفی بخاری کی سوشل میڈیا ٹیم اور ترجمان سول ایوی ایشن سے بھی رابطہ کیا تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے اعلان کیا گیا تھا کہ ایک ہفتے میں 276 پروازیں پاکستان آئیں گی جبکہ 20 سے 25 جون کے درمیان 25 ہزار سے زائد افراد بیرون ملک سے وطن واپس پہنچے تھے۔

شیئر: