Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سبز چائے بیماریوں کے خلاف کتنی مفید ہے؟

سبز چائے کے استعمال سے دل کی بیماریاں بھی کم ہوتی ہیں (فوٹو: روئٹرز)
دبئی کے فٹ سکواڈ ’ڈی ایس بی‘ میں بطور ٹرینر خدمات سرانجام دینے والی ماہرغذائیت ڈیونڈر بینز نے ایک ایسے ’سپر فوڈ ‘ کے متعلق مشورہ دیا ہے جو آپ کو صحت مند اور طویل زندگی گزارنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔
ڈیونڈر بینز کہتی ہیں کہ ہم میں سے بیشتر لوگ ایک عمدہ چائے کا کپ پسند کرتے ہیں اور درحقیقت دنیا میں پانی کے بعد چائے ہی دوسرا مقبول مشروب ہے۔
لیکن معمول کی چائے، اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور، زیرو کیلوری اور کم کیفین والی سبز چائے یا قہوے سے تبدیل کرنے کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ 
سبز چائے سپر مارکیٹس اور ماہرین کی دکانوں پر مختلف اقسام اور ذائقوں میں دستیاب ہے۔
سبز چائے مختلف امراض کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے۔

جلد کے امراض کا علاج

اس ’سپر‘ چائے کو پینے سے نہ صرف جلد کی خارش سے سکون مل جاتا ہے بلکہ اس کو متاثرہ حصوں پر بھی رکھا جا سکتا ہے۔
سبز چائے میں ایک طاقتور اینٹی آکسڈینٹ ’ای جی سی جی‘ ہوتا ہے. اس کے بارے میں کچھ لوگوں کا خیال ہے یہ جلد کے کینسر کو روکنے میں مدد کر سکتا ہے اور سوزش کو دور کرنے میں بھی مفید ہے۔

سبز چائے مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہوتی ہے (فوٹو: فلکر)

سبز چائے کیل مہاسوں، سورائسز، خشکی اور خشک جلد کے مسائل کے لیے بھی مفید ہے۔

عمر بڑھاتی ہے

یہ عجیب سا لگتا ہے لیکن 40 ہزار صحت مند جاپانی جن کی عمریں 40 سے 79 کے درمیان تھی، پر کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جن لوگوں نے روزانہ سبز چائے کے پانچ کپ استعمال کیے انہوں نے ان افراد کے مقابلے میں طویل عمر پائی جو روزانہ ایک کپ یا اس سے کم سبز چائے پیتے تھے۔

یہ آپ کے جسم کے لیے اچھی ہے

اس ’ سپر ڈرنک‘ میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہیں جو آپ کے میٹا بولزم کو بڑھانے میں مدد دیتے ہیں اور اس میں موجود کیفین چربی کو کم کرتی ہے، اس کے علاوہ یہ ورزش کے وقت کارکردگی کو بھی بہتر بناتا ہے۔
دن میں سبز چائے کے تین سے پانچ کپ پینے سے آپ کا وزن بھی کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

سبز چائے دل کے امراض کے لیے بھی مفید ہے (فوٹو: روئٹرز)

دماغی صحت کے لیے بہترین

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبز چائے دماغ کی کارکردگی کو بہتر کرتی ہے، سبز چائے پینے سے خاص طور پر یادداشت بہتر ہوتی ہے۔
ڈیمنشیا یا یادداشت کھونے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے سبز چائے مددگار ثابت ہوسکتی ہے اور الزائمر جیسے مرض کے لیے بھی مفید ہے۔

دل کے لیے مفید

دن میں ایک کپ سبز چائے پینے سے فالج کے خطرے کو بھی 20 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ سبز چائے میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے اور خون کے بہاؤ کو بہتر کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

سبز چائے جلد کے کینسر کی روک تھام میں بھی مدد کرتی ہے (فوٹو: پکسل)

جاپان میں 82 ہزار تین سو 69 مرد اور خواتین پر کی گئی ایک تحقیق سے یہ نتائج سامنے آئے تھے۔
امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق جن لوگوں نے سبز چائے کا استعمال کیا ہے ان میں دل کی بیماریوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔

شیئر: