Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'اب آپ کو کوئی دوسرا دھونی نہیں ملے گا'

دھونی نے 2004 میں  بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا (فوٹو:ٹوئٹر)
وہ آیا، اُس نے دیکھا اور چھا گیا۔۔۔ سابق انڈین کرکٹر مہیندر سنگھ دھونی پر یہ جملہ صادق آتا ہے۔ انڈین ریاست جھاڑکنڈ کے چھوٹے سے شہر رانچی سے تعلق رکھنے والے ایم ایس دھونی ان تمام نوجوانوں کے لیے ایک انسپائریشن ہیں جو رہتے تو سمال ٹاؤنز میں ہیں مگر سپنے بڑے دیکھتے ہیں۔
کرکٹ کی دنیا میں اپنی شاندار کارکردگی سے نمایاں مقام بنانے والے ایم ایس دھونی آج اپنی 39 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
دھونی نے 2004 میں  بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اس بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، 2011 میں ورلڈ کپ اور 2013 میں آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی جیت کر انہوں نے انڈین کرکٹ ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔
کرکٹ شائقین اور ان کے ساتھی کھلاڑی اس لیجنڈری کھلاڑی کی تاریخی پرفارمنس یاد کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تنماؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی مہیندر سنگھ دھونی کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'سالگرہ مبارک بھائی۔ آپ کے لیے اچھی صحت اور خوشیوں کی دعائیں۔ خدا آپ کو سلامت رکھے۔'

انڈین کرکٹ ٹیم کے آل ڑاؤنڈر ہاردک پانڈیا نے ایم ایس دھونی کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'میرے بیٹو کو اپنے چیٹو کی طرف سے سالگرہ مبارک ہو۔ میرا دوست جس نے مجھے اچھا انسان بننا سکھایا اور برے وقت میں ساتھ نبھایا۔'

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے میڈیا مینیجر مولن پارکھ نے لکھا کہ 'سالگرہ مبارک دھونی۔ آپ نے ہمیں خوشی کے لمحات دیے اور ہر ممکن حد تک اپنے ملک کی خدمت کی۔ آپ کے ہر عمل نے ہمیں متاثر کیا اور آپ کی مسکراہٹ نے ہمارے دن کو روشن کیا۔' انہوں نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ چھکا خاص رہے گا۔'

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ستیا کمار نے لکھا کہ 'انڈین کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بردبار، پُرسکون اور سب سے زیادہ کامیاب کپتان ایم ایس دھونی کو سالگرہ مبارک ہو۔ جب میچ مکمل کرنے کی بات آتی ہے تو آپ کو کوئی دوسرا دھونی نہیں ملے گا۔'

ٹوئٹر صارف پردیپ نے لکھا کہ 'وہ ایک ایسی ریاست سے آئے تھے جہاں سے پہلے کوئی کرکٹر نہیں آیا تھا اور اب ریاست کو ان کے نام سے جانا جاتا ہے۔'

مجیندر سنگھ سرسا نے لکھا کہ 'ہمیشہ سے میرے پسندیدہ کھلاڑی مہیندر سنگھ کو سالگرہ مبارک۔ آپ کا ہیلی کاپٹر شاٹ اور پرسکون کپتان والا انداز کرکٹ کے لیے ایک بڑا انعام ہے۔'
کچھ صارفین مہیندر سنگھ دھونی کو مبارکباد دینے کے ساتھ بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کو بھی یاد کرتے نظر آئے جنہوں نے ایم ایس دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کیا تھا۔

کونال مسرا نامی صارف نے لکھا کہ 'آج دھونی کی سالگرہ ہے، ان کی زندگی پر بننے والی فلم میں سشانت سنگھ راجپوت نے کردار ادا کیا تھا اور اسے بخوبی نبھایا تھا لیکن کاش سشانت سنگھ اپنی اننگز بھی اسی طرح بہتر طور پر مکمل کر پاتے۔'

شیئر: