Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برازیل کے صدر بھی کورونا کا شکار

برازیلی صدر نے کہا ہے کہ ’میں بالکل نارمل ہوں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کو عام فلو کہنے والے برازیل کے صدر جیئر بولسونارو عالمی  وبا سے متاثر ہو گئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق برازیل کے صدر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں بالکل نارمل ہوں، میں تو یہاں چل کر آنا چاہتا تھا مگر ڈاکٹروں کی تجویز کی وجہ سے میں گھر پر ہی رہوں گا۔‘
گذشتہ روز بخار اور دیگر علامات ظاہر ہونے پر چوتھی بار اپنا ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

 

برازیلی صدر متعدد بار کورونا کے خطرے  کو نظر انداز کرتے ہوئے اسے عام فلو قرار دے چکے ہیں اور ان کے ریاستی گورنروں سے لاک ڈاؤن ہٹانے یا نرم کرنے کے معاملے پر شدید اختلافات رہے ہیں۔
جیئر بولسونارو کا کہنا ہے کہ سخت لاک ڈاؤن نہیں کیا جانا چاہیے کیوں کہ یہ معیشت کے لیے اچھا نہیں ہے، گذشتہ روز انہوں نے فیس ماسک پہننے کے قوانین میں بھی نرمی کا اعلان کیا تھا۔
عالمی ادارہ صحت نے برازیل کے صدر بولسونارو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے وائرس کی حقیقت واضح ہوگئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسیز کے سربراہ مائیکلریان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اس معاملے میں کوئی بھی خاص نہیں ہے، ہم سب برابر ہیں اور ہم بولسونارو اور ان کے اہل خانہ سےنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ برازیل  کورونا سے متاثرہ افراد اور ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر  پر ہے اور وہاں 16 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 65 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

شیئر: