Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہلیہ کے قتل کا الزام، علی سلمان علوی ریمانڈ پر جیل میں

متوفیہ صدف زہرہ کی بیٹی کے ہمراہ تصویر، دوسری جانب ایف آئی آر کا عکس
راولپنڈی میں پولیس کے مطابق اپنی اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار صحافی اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ علی سلمان علوی کو 14 روزہ جوڈیشنل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
کیس کے تفتیشی افسر احمد شیر نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ پولیس نے سول جج اسجد چوہدری کی عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی مگر عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق علی سلمان علوی کو 29 جون کو حراست میں لیا گیا تھا اور بدھ 8 جولائی کو انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں تھانہ ایئر پورٹ میں 29 جون کو علی سلمان علوی کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت مقدم درج کیا گیا تھا۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹیل میڈیا کے لیے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے ٹوئٹر پر علی سلمان علوی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر شیئر کی ہے۔
ایف آئی آر سیدہ مہوش زہرہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ان کی بہن صدف زہرا کو تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے۔
مقدمے میں قتل کا الزام صدف زہرہ کے شوہر علی سلمان علوی پر عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعیہ کا کہنا ہے کہ 29 جون کو دن دو بجے ان کو بہن صدف زہرہ کے موبائل فون سے کال آئی اور دوسری جانب ان کے بہنوئی علی سلمان علوی تھے جنہوں نے بتایا کہ ’میں برباد ہو گیا ہوں۔ مہوش تم جلدی آؤ، صدف نے کچھ کر لیا ہے۔‘
مدعیہ مہوش کے مطابق وہ اپنی والدہ اور شوہر کو لے کر چکلالہ سکیم تھری کے علاقے سے یوسف کالونی پہنچیں جہاں علی سلمان علوی اپنے گھر کے مرکزی دروازے پر کھڑے تھے۔
’وہ ہمیں میری بہن کے کمرے میں لے گئے جہاں چھت والے پنکھے سے صدف زہرہ کی لاش لٹک رہی تھی۔‘
ایف آئی آر کے مطابق مدعیہ نے علی سلمان کی مدد سے صدف زہرہ کی لاش کو نیچے اتارا۔

مدعیہ مہوش زہرہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بہنوئی علی سلمان ان کی بہن صدف پر تشدد کرتے تھے اور کئی مرتبہ مارا پیٹا جس پر ان کو بہت سمجھایا لیکن وہ باز نہیں آئے۔
ایف آئی آر درج کراتے ہوئے مدعیہ مہوش زہرہ نے لکھا ہے کہ ان کو قوی یقین ہے کہ ان کی بہن کو علی سلمان علوی نے قتل کیا اور پولیس اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
راولپنڈی کی تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے ملزم علی سلمان کے خلاف زیر دفعہ 302 تعزیرات پاکستان قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا ہے اور مقامی عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ہے تاکہ تفتیش کی جا سکے۔
علی سلمان علوی کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق وہ صحافی اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہیں جبکہ سوشل میڈیا صارفین ان کو تحریک انصاف کے حامی بلاگر کے طور پر دیکھتے ہیں۔

شیئر: