Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیتابھ اور ابھیشیک کے بعد ایشوریا کو بھی کورونا

امیتابھ بچن نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا اعلان ٹوئٹر پر کیا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ابھیشیک کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور بیٹی ارادھیا بچن کی بھی کورونا رپورٹ مثبت آ‏ئی ہے۔
مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ٹویٹ کرکے اس کے بارے میں معلومات دی ہیں۔
راجیش ٹوپے نے بتایا ہے کہ امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کی کووڈ 19 کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ 
دوسری جانب سوشل میڈیا پر معروف اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمان ہیما مالنی کی طبیعت کی ناسازی کی بات گشت کر رہی تھی جس ک جواب میں ڈریم گرل نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ یہ افواہ غلط ہے اور وہ صحت مند ہیں۔
ادھر بالی وڈ کے اداکار انوپم کھیر نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے کہ ان کی ماں کی کورونا کی مثبت رپورٹ آئی ہے۔ ان گھر میں ان کے بھائی، بھابھی، اور بھتیجی کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے لیکن ان کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
قبل ازیں بالی وڈ ادکار امیتابھ بچن اور ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے تصدیق کی کہ ہسپتال پہنچائے جانے کے بعد متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جا رہی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ اہلخانہ اور ان کے سٹاف کو بھی کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹ کے عمل سے گزارا جا چکا ہے اور اب ٹیسٹ رپورٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔

اپنی ٹویٹ میں امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ جو بھی لوگ گزشتہ 10 روز کے دوران ان کے قریب رہے ہیں ان سے گزارش ہے کہ وہ بھی اپنے ٹیسٹ کروا لیں۔
امیتابھ بچن کے پیغام کے کچھ دیر بعد ان کے صاحبزادے ابھیشک بچن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ہم دونوں میں معمولی علامات ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں۔

ممبئی کے نانا وتی ہستال میں داخل 77 سالہ بالی وڈ لیجنڈ کے کورنا وائرس ٹیسٹ کے مثبت آنے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سابق پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے اپنے پیغام میں ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تو سرحد کے دونوں جانب موجود ان کے فینز کی ترجمانی بھی کی۔

انڈین اداکارہ سونم کے آہوجا نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کی جلد صحتیابی کی خواہش ظاہر کی۔ 

یونین ہیلتھ منسٹر ڈاکٹر ہرش وردھان نے ے امیتابھ بچن کی ٹویٹ پر اپنے ردعمل میں لکھا ’میں پوری قوم کے ساتھ مل کر آپ کی جلد صحتیابی کی تمنا کرتا ہوں۔ آپ اس ملک میں لاکھوں کے لیے سپرسٹار ہیں۔ ہم آپ کا اچھا خیال رکھیں گے‘۔
مارچ کے مہینے میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تو امیتابھ بچن نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے ’گھر پر قرنطینہ‘ کی مہر لگوا لی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے اپیل کی تھی کہ محفوظ اور محتاط رہیں اور اگر مثبت آ جائیں تو الگ تھلگ رہیں۔ 

امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کا نام اور ناناوتی ہسپتال کا نام ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن گئے۔ امیتابھ بچن ممبئی میں رہائش پزیر ہیں جو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے انڈین شہروں میں شامل ہے۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں 91 ہزار سے زائد کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ اموات کی تعداد 5200 سے تجاوز کر چکی ہے۔

شیئر: