Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ نے آخرکار ماسک پہن لیا

امریکہ کی 44 ریاستوں میں کورونا کی وبا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلی بار ماسک پہنے نظر آئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے طبی مشیروں اور عملے کے دیگر افراد کے دباؤ کے بعد پہلی بار پبلک میں ماسک پہنا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ مسلسل ماسک پہننے سے کترا رہے تھے حالانکہ وائٹ ہاؤس میں ان کے عملے کے کئی افراد میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے اور ان کے مشیر بھی ماسک پہنے نظر آتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے طبی مشیر کورونا کے خلاف کوششوں کے دوران عوام کو وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ماسک پہننے پر زور دیتے رہتے ہیں مگر صدر ٹرمپ کے ماسک نہ پہننے سے ان کو خفت کا سامنا تھا۔

 

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد مرنے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار سے بڑھ چکی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد میں ملک میں 60 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو واشنگٹن میں ایک ہسپتال کے دورے کے موقع پر صدر ٹرمپ نے کالے رنگ کا ماسک پہنا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو نہ کی تاہم وائٹ ہاؤس سے نکلتے وقت انہوں نے کہا کہ وہ کبھی ماسک پہننے کے خلاف نہیں تھے۔
رپورٹس کے مطابق کچھ ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد معاونین نے امریکی صدر سے درخواست کی کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنیں اور ماسک پہنے تصویر بھی بنوائیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کا بڑھ چڑھ کر دفاع کیا ہے، امریکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیاد متاثر ہوا ہے۔
دنیا بھر میں ایک کروڑ 26 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس کے 18 لاکھ 39 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 71 ہزار چار سو 69 ہے۔

شیئر: