Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نابینا جوڑے کی کمائی لیکن نوٹ بے کار

سومو اور ان کی اہلیہ نے اگر بتی بیچ کر 24 ہزار روپے جمع کیے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ایک نابینا جوڑے نے 10 سال کے دوران اگر بتی بیچ کر 24 ہزار روپے جمع کیے لیکن انہیں رواں ہفتے پتا چلا کہ وہ نوٹ اب استعمال میں ہی نہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا کی ریاست تمل ناڈو کے گاؤں کے رہائشی سومو اور ان کی اہلیہ پالانیامل کے پاس 24 ہزار روپے پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹوں کی صورت میں تھے، جن کا استعمال حکومت نے 2016 میں ختم کردیا تھا۔
سومو کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات جمعے کو اس وقت پتا چلی جب وہ اپنی بچت کی گئی رقم کو بینک میں جمع کروانے لے کر گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم انہوں نے اپنی والدہ کے پاس جمع کروائی تھی اور اسے اب استعمال کرنے کا اس لیے سوچا کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کی چار مہینے سے کوئی کمائی نہیں ہوئی۔
نوٹوں کو بینک لے جانے پر وہاں موجود افسران نے بتایا کہ یہ نوٹ اب استعمال میں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تھوڑی تھوڑی رقم اپنی والدہ کے پاس جمع کرواتے تھے اور اسے پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹوں میں بدل دیتے تھے۔
سومو نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے پالانیسوامی سے مدد طلب کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کریں گے۔
ایسا ہی ایک واقعہ گذشتہ سال تمل ناڈو میں ہی پیش آیا جب دو خواتین کو پتا چلا کہ ان کی 46 ہزار کی جمع پونجی والے نوٹ اب استعمال میں نہیں۔ تاہم اس وقت ڈسٹرکٹ کلکٹر کے وجایا کارتھیکیان نے دونوں بہنوں کے لیے پینشن کا بندوبست کردیا تھا۔

شیئر: