Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: منشیات فراہم کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم طلبہ کو نشہ آور اشیا مفت فراہم کرتا تھا- فوٹو اے ایف پی
دبئی میں سکولوں کے بچوں اور بچیوں کو نشہ آور اشیا مفت فراہم کرنے والے خلیجی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ دبئی میں فوجداری کی عدالت نے مقدمے کی سماعت شروع کردی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گواہوں نے اپنے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ  ملزم سکولوں کے طلبہ کو نشہ آور اشیا فراہم کرتا اور دھمکی دیتا کہ اگر اس کا نام پولیس کو بتایا گیا تو وہ انہیں نقصان پہنچائے گا۔
دبئی پولیس کے ماتحت ادارہ انسداد منشیات کے ایک گواہ نے بتایا کہ ادارے کو معتبر ذریعے سے یہ اطلاع ملی تھی کہ ایک خلیجی شہری نشے کا عادی ہے اور بڑی مقدار میں نشہ آور اشیا ذخیرہ کیے ہوئے ہے۔
پبلک پراسیکیوشن کے حکم پر اس کی رہائش پر چھاپہ مارا گیا۔ اس وقت رہائش پر اس کے ہمراہ ایک مرد اور خاتون بھی تھے۔ تینوں نے اعتراف کیا کہ وہ کرسٹل نشے کے عادی ہیں اور انہیں یہ نشہ خلیجی شہری فراہم کر رہا ہے۔
تین گرفتار شدگان میں سے ایک نے بتایا کہ اسے خلیجی نے کرسٹل نشہ دس بار مفت دیا۔ یہ سب کچھ وہ دوستی کے نام پر کر رہا تھا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ خلیجی شہری، لڑکیوں کو ورغلانے کے لیے کرسٹل اورلیریکا نشہ مفت دیتا تھا۔
زیر حراست 25 سالہ عرب خاتون نے بتایا کہ خلیجی شہری کبھی اسے مفت اور کبھی پیسے لے کر نشہ فراہم کرتا تھا۔
پبلک پراسیکیوشن نے تحقیقات کر کے بتایا کہ 16 اور 17 سال کے کئی طلبہ حراست میں لیے گئے، ان کے قبضے سے کرسٹل نشہ اور لیریکا نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ان سب کا کہنا تھا کہ خلیجی شہری انہیں نشہ فروخت کر رہا تھا۔
پولیس نے بچوں کے خلاف قانونی کارروائی معطل کردی کیونکہ وہ کمسن بھی تھے اور نشے کے حوالے سے پہلے کبھی کسی واردات میں ملوث نہیں پائے گئے۔
پبلک پراسیکیوشن نے ملزم کی رہائش پر گرفتار کیے جانے والے تین افراد کو فوجداری عدالت بھیج دیا۔ وہ نشہ آور اشیا کے استعمال کے  ایک اور مقدمے میں بھی پائے گئے تھے۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: