Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹرافی کی بس پریڈ کب کرا رہے ہیں‘

میسی نے مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائٹل جیتا ہے (فوٹو اے ایف پی)
فٹبال کے شائقین میں سے کم ہی کوئی ہو گا جو لیونل میسی کے نام یا کھیل سے واقف نہ ہو۔ ارجنٹائن سے تعلق رکھننے والے فٹبالر نے ساتویں مرتبہ پیچیچی ایوارڈ جیت کر منفرد ریکارڈ بنایا تو صارفین اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے گن گانے لگے تو کہیں رونالڈو اور ان کا موازنہ ہوتا رہا۔
1929 میں پہلی بار دی گئی پچیچی ٹرافی 1952 سے ہر سال بہترین کھلاڑی کو دی جاتی ہے۔ لالیگا سیزن کے ٹاپ گول سکورر کو دی جانے والی ٹرافی سابق کھلاڑی بلباؤ پچیچی مورینو سے منسوب ہے۔ لیونل میسی نے حالیہ سیزن میں ریئل میڈرڈ کے کریم بینزما سے زیادہ گول سکور کرکے ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
حالیہ لالیگا سیزن میں میسی کی ٹیم بارسلونا خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی جس کی وجہ سے اسے سخت تنقید کا سامنا رہا ہے۔ بارسلونا روایتی حریف سمجھے جانے والے ریئل میڈرڈ کے مقابلے میں اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کر سکی تھی، البتہ میسی کے ایوارڈ جیتنے سے توقع ہے کہ بارسلونا فینز کی کچھ اشک شوئی ہو سکے گی۔
 

2009 دس سے لے کر حالیہ سیزن تک پچیچی ٹرافی سات مرتبہ میسی کے حصے میں آئی ہے، تین مرتبہ کرسٹیانو رونالڈو نے جیتی جب کہ ایک مرتبہ لوئس سوریز کے نام رہی ہے۔
بارسلونا کی جانب سے میسی کے نئے ریکارڈ کی خبر شیئر کی گئی تو فٹبال شائقین نے سیزن ٹائٹل نہ جیت سکنے پر ٹیم کو سخت سست سنائیں۔ ٹیم کی کارکردگی پر طنز کرنے والے ایک صارف نے لکھا ’آپ کب ٹرافی کی بس پریڈ کرا رہے ہیں‘۔
 

کچھ شائقین نے میسی اور رونالڈو کے گولڈن بوٹس، ٹاپ سکورر ٹرافی اور فی میچ گولز کے تناسب کا موازنہ کر کے میسی کو آگے ہونے کی بنیاد پر اچھا کھلاڑی قرار دیا تو کچھ دوسرے اس رائے سے اختلاف کرتے نظر آئے۔ ایسے ہی ایک صارف نے موقف اپنایا کہ میسی نے جو کچھ کیا ہے اپنے کمفرٹ زون بارسلونا میں رہ کر کیا کسی دوسرے کلب میں شاید وہ ایسا نہ کر سکیں جب کہ رونالڈو نے مختلف ٹیموں کا حصہ رہ کر کارکردگی دکھائی ہے۔
 

یہ بحث آگے بڑھی تو کچھ صارفین نے لکھا کہ انہوں نے بیشتر گولز کمزور ٹیموں کے خلاف کیے ہیں۔ جواب میں میسی کے فینز نے ان کا دفاع کیا تو لکھا کیا یہ کہانی کرسٹیانو رونالڈو کے کیریئر کی نہیں ہے؟

میسی کا دفاع کرنے والوں نے یہ نکتہ بھی بیان کیا کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی کی یہ کارکردگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ حال ہی میں طویل انجری سے صحت یاب ہوئے تھے۔
لالیگا کے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹاپ سکورر کھلاڑی کے اعزاز کا ذکر ہوا تو حالیہ سیزن میں زیادہ گول سکور کرنے والے دیگر پانچ کھلاڑیوں کے نام بھی شیئر کیے گئے۔
 

دنیائے فٹبال کے مختلف اعزازات اپنے نام کرنے والے میسی گزشتہ برس مردوں کا ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ بھی چھٹی مرتبہ جیتے ہیں۔
ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے ساتھ ساتھ فٹبال کلب بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے 33 سالہ میسی ارجنٹائن اور سپین کی شہریت رکھتے ہیں۔ دونوں ٹیموں میں 10 نمبر کی شرٹ اور فارورڈ کی پوزیشن پر کھیلنے والے میسی فٹبال شائقین کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: