Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد سے امریکی صدر کا رابطہ، شاہ سلمان کی خیریت دریافت

ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے بارے میں دریافت کیا- انہوں نے شاہ سلمان کے لیے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی-
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد نے امریکی صدر کو شاہ سلمان کی صحت کے بارے میں اطمینان دلایا اور صحت کے لیے رابطہ کرنے پر ان  کا شکریہ ادا کیا-
اس موقع پر امریکی صدر اور سعودی ولی عہد نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر بحث آئے-
شاہ سلمان کے کامیاب آپریشن کی اطلاع پرسعودی عرب کے ہر حلقے نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا-  شاہی خاندان کے افراد ، ممتاز علما، اعلی عہدیداروں، دانشوروں اور ذرائع ابلاغ کے ارباب نے کامیاب آپریشن پر شاہ سلمان کو مبارکباد پیش کی- انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شاہ سلمان کو بہت جلد مکمل طور پر صحت یاب کردے-
مبارکباد دینے والوں میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، نائب گورنر ریاض، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل، گورنر ریاض، کمشنر جدہ، الجوف، حدود شمالیہ کے گورنرز کے نام قابل ذکر ہیں-
 

شیئر: