Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیڈرل بورڈ: سعودی عرب میں مقیم طالبہ کی پہلی پوزیشن

ثمن عاصم نے 1065 نمبرز حاصل کر کے بورڈ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے امتحانات کے جنرل سائنس گروپ (بارہویں جماعت) میں پاکستان انٹرنیشنل سکول الجبیل سعودی عرب کی طالبہ ثمن عاصم نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے نتائج کے مطابق ثمن عاصم نے رول نمبر 588735 کے تحت امتحان میں 1065 نمبرز حاصل کیے اور بورڈ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔
ثمن عاصم کے ساتھ عسکریہ کالج 117 مارکیٹ راولپنڈی کی طالبہ حرا بھی مشترکہ طور پر بورڈ میں پہلے نمبر پر رہیں۔ انہوں نے رول نمبر 585451 کے تحت 1065 نمبر ہی حاصل کیے۔
پاک ترک معارف انٹرنیشنل ایچ ایٹ ون اسلام آباد کی طالبہ شفا عمران نے رول نمبر 583830 کے تحت 1046 نمبرلے کر بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ہائر سیکنڈری سکول سرٹیفیکیٹ کے سالانہ امتحانات کورونا وائرس کی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکے تھے، لہٰذا حکومت کی پروموشن پالیسی کے تحت ان نتائج کا اجرا کیا گیا۔
ترجمان بورڈ کے مطابق امتحانات میں شریک ہونے والے ریگولر طلبہ و طالبات کی تعداد 59 ہزار 512 تھی جن میں سے 57 ہزار 115 پاس ہوگئے ہیں۔ اس طرح ریگولر طلبہ و طالبات کی کامیابی کی شرح 95 اعشاریہ 97 فیصد رہی۔
ان امتحانات میں 11 ہزار 970 طلبہ و طالبات نے پرائیویٹ حیثیت میں امتحان دیا جن میں سے 9 ہزار 520 کامیاب رہے اور اس طرح ان کی کامیابی کا تناسب 79 اعشاریہ 53 فیصد رہا۔
مجموعی طور پر ان امتحانات میں 71 ہزار 482 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، 66 ہزار 635 کامیاب رہے۔ اس طرح تمام طلبہ و طالبات کی کامیابی کی شرح 93 اعشاریہ 22 فیصد رہی۔

امتحانات میں طلبہ و طالبات کی کامیابی کی شرح 93.22 فیصد رہی (فوٹو: اے ایف پی)

طلبہ و طالبات کے امتحانات کے نتائج فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں اس سال ہزاروں پاکستانی طلبہ نے میٹرک کے چند پیپرز ہی دیے تھے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہو گئے اور باقی کے امتحانات ملتوی ہو گئے۔
اسی طرح انٹرمیڈیٹ کے طلبہ امتحانات دے ہی نہ پائے۔
اردو نیوز جدہ کے پاس موجود تفصیلات کے مطابق اس سال سعودی عرب میں پانچ ہزار کے قریب طلبہ و طالبات نے میٹرک کے چند پیپرز دیے جب کہ اس سال دو ہزار سے زائد طلبہ نے انٹر کے امتحانات کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی۔

شیئر: