Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات واپسی کے لیے اجازت نامہ کیسے؟

واپسی کی درخواست منظور ہونے سے قبل ٹکٹ نہ خریدا جائے (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک گئے ہوئے تارکین واپسی کے لیے اجازت نامے کے حصول کے لیے درست طریقے سے معلومات فارم میں درج کریں۔
ریٹرن پرمٹ کے لیے درخواست فارم میں وہی معلومات درج کی جائیں جو سفر کے لیے کارآمد پاسپورٹ پردرج ہوں۔
امارات ٹوڈے اخبار کے مطابق ادارہ قومی شہریت اور اقامہ کی جانب سے جاری بیان میں امارات واپس آنے کے خواہش مند غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریٹرن ویزہ حاصل کرنے کے لیے جاری کیے گئے پورٹل میں وہی معلومات درج کریں جو پاسپورٹ میں ہیں۔ سفری ٹکٹ کے لیے جو پاسپورٹ استعمال کیا جائے وہی ریٹرن ویزے کے لیے استعمال ہوگا۔ اگر درج کی گئی معلومات میں کسی قسم کا تضاد ہوا تو واپسی کے لیے پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔

پاسپورٹ میں درج معلومات ہی درخواست فارم میں اپ لوڈ کی جائیں (فوٹو: ٹوئٹر)

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی غیر ملکی اس وقت تک ٹکٹ خریدے اور نہ ہی سفر کے لیے سیٹ بک کرائے جب تک ریٹرن پرمٹ کے لیے اس کی درخواست منظور نہیں ہوجاتی۔ ٹکٹ بکنگ کے لیے وہی تاریخ درج کی جائے جو حتمی ہو۔
غیر ملکیوں کے لیے ریٹرن پرمٹ حاصل کرنے کے لیے  smartservice.ica.gov.ae پر درخواست اپ لوڈ کی جا سکتی ہے۔ متعلقہ ادارے سے پرمٹ کی منظوری کے بعد 21 دن تک کارآمد ہوتا ہے۔
متحدہ ادارہ قومی شہریت اور اقامہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار کی درخواست غلط یا نامکمل معلومات کی بنیاد پر 3 بار مسترد ہوتی ہے تو اس کا پرمٹ مستقل طور پر منسوخ کردیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی اور کورونا وائرس کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ملکیوں کو مرحلہ وار پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

شیئر: