Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: نجی سکولوں کی فیس میں کمی

والدین بچوں کو ان سکولوں میں داخل کرانا چاہتے ہیں جہاں فیس کم ہو (فوٹو: الامارات الیوم)
ابوظبی کے نجی سکولوں نے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے تیس فیصد تک رجسٹریشن فیس اور آن لائن تعلیم کی صورت میں پچاس فیصد تک فیس کم کرنے کی پیش کش کی ہے۔  
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی میں ایک سکول کے پرنسپل نے بتایا کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کم ہے۔ خصوصا نرسری میں داخلے نہیں لیے جارہے ہیں۔  
نئے داخلوں کے مقابلے میں مختلف سکولوں سے طلبہ کے ٹرانسفر کیسز بڑھ رہے ہیں۔ بہت سارے طلبہ کے والدین نرسری میں بچوں کو داخل کرانے سے خوفزدہ ہیں۔
ایک اور رجحان یہ سامنے آرہا ہے کہ والدین اپنے بڑے بچوں کو ایسے سکولوں میں داخلہ دلانے کی تگ و دو میں لگ گئے ہیں جہاں فیسیں کم ہوں۔  
نجی سکولوں نے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ترغیباتی پیکجز کی تشہیر شروع کی ہے۔ سرپرستوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر سکول میں بھائی اور رشتہ دار داخلہ لیں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ رجسٹریشن فیس معاف کردی جائے گی۔ تعلیمی فیس میں رعایت دی جائے گی اور تعلیم مکمل آن لائن ہونے کی صورت میں مزید رعایتیں پیش کی جائیں گی۔ 
ابوظبی اور العین کے سکولوں نے جو ابوظبی کی وزارت تعلیم، امریکہ، برطانیہ اور انڈیا کے کورسز پڑھا رہے ہیں اشتہار دے کر طلبہ کے رشتہ داروں سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد بچوں کی رجسٹریشن کرائیں اور 30 سے 50 فیصد تک تعلیمی فیس میں رعایت حاصل کریں۔ ان سکولوں نے ٹرانسپورٹ فیس میں 25 فیصد تک کمی کی بات بھی کہی ہے۔ سکولوں کے اشتہارات میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہمارے یہاں اساتذہ ایسے ہوں گے جن کی مادری زبان انگریزی ہوگی۔  
ابوظبی میں برٹش کورسز پڑھانے والے ایک مشہور سکول نے تعلیمی فیس میں پچاس فیصد رعایت کا وعدہ کیا ہے۔ یہ رعایت سکول کی خاص برانچ کے طلبہ کے لیے ہوگی۔ ایک اور سکول نے نئے طلبہ کے لیے فیس میں بیس فیصد کمی کی بات کہی ہے جبکہ سکول میں ایک سے زیادہ بھائیوں کے داخلے پر پندرہ فیصد مزید رعایت کا وعدہ کیا گیا ہے۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: