Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زیادہ بارش کے زیادہ پانی سے گھبرانا نہیں‘

 بارش کے باعث حبس میں کمی ہوئی مگر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ (تصویر : اے ایف ہی )
لاہور میں موسلادھار بارش سے جہاں موسم خوشگار ہوگیا وپیں مختلف نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں شہری بجلی کی بندش کی بھی شکایت کر رہے ہیں۔
لاہور میں بادل تو کھل کر برسے تو مگر ایئر پورٹ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، جی ٹی روڈ، ایک موریہ پل، حاجی کیمپ اور اچھرہ سمیت دیگر مقامات ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے۔ ہر طرف پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا، انڈر پاسز اور دیگر مقامات پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہو گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ٹوئٹر اور فیس بک پر ویڈیوز اورتصاویر بھی شیئر کی جس میں سڑکوں پر پانی رکنے کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکل بند ہوگئے۔
ٹوئٹر صارف علی خضر نے لکھا کہ ’بہت سے صحافی اور رپورٹرز لاہور اور کراچی کی صورتحال کا آپس میں موازانہ کر رہے ہیں زیادہ تر کا یہی کہنا ہے کہ کراچی کو زیادہ تنقید برداشت کرنا پڑی ہے جبکہ بارش کے پانی سے لاہور بھی یکساں نقصان کا شکار ہوا ہے جبکہ میرا ماننا ہے کہ میں نے دونوں شہروں میں وقت گزارا ہے اور میں شرط لگانے کو تیار ہوں کہ کراچی کے زیادہ برے حالات سے دوچار ہیں۔‘

فاتح نے لاہورکے  مشہور علاقے  گلبرگ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ لاہور کے پوش علاقے کی صورتحال ہے مگر میڈیا اس پر دوہائیاں نہیں دے رہا ؟

ٹوئٹر صارف انجم یوسف نے لکھا کہ ’پلیز پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کو ڈسٹرب نہیں کریں ایک دوسرے پر الزام تراشی کرکے یہ ایک دن تمام مسائل کا حل ضرور نکال لیں گےتب تک  عوام نے زیادہ بارش کے زیادہ پانی سے گھبرانا نہیں ہے۔‘

نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ سیاست دان بھی لاہور بارش کے حوالے سے طنزیہ گفتگو کرتے نظر آئے سعید غنی نے ایک نجی تی چینل کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’لاہور کا خوشگوار موسم دیکھتے ہی لوگ بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں نا سما ٹی وی؟‘
انصار عباسی نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’آج لاہور بارش کی دکھائی جانے والی تمام تصویریں دراصل کراچی کی ہیں۔ کسی کو شک ہے تو رمیض راجہ سے پوچھ لے۔‘

ٹوئٹر صارف آتش اقبال نے لکھا کہ ’پلیز کریم / اوبر مجھے اس پانی میں چلانے  کے لیے کشتی کی سروس چاہیے تاکہ میں انجوائے کر سکوں۔‘

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش  ایک سے دو روز مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔

شیئر: