Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ میں الیکشن ملتوی ہونے کا خدشہ

نیوزی لینڈ میں کورنا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شہریوں نے ہنگامی خریداری شروع کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں نرسنگ ہومز کو بند کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ سے نیوزی کے تمام نرسنگ ہومز کو بند کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا گیا ہے اور وزیراعظم جیسنڈا ارڈن نے کہا ہے کہ وبا کا پھیلاؤ ان کو اگلے ماہ ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکام ان شہریوں کو تلاش کر رہے ہیں جن سے آکلینڈ کے ان چار رہائشیوں کا کسی بھی طرح رابطہ رہا ہو جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں گزشتہ 102 دنوں کے دوران کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

 

نیوزی لینڈ کے 15 لاکھ آبادی والے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں شہریوں کو بدھ کی دوپہر سے آئندہ تین دن کے لیے گھروں میں رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں شہریوں نے سپر مارکیٹس میں ہنگامی خریداری شروع کر دی ہے اور کورونا کے ٹیسٹ کرانے والے مراکز پر بھی رش لگ گیا ہے۔
آکلینڈ میں ماسک پہنے پولیس اہلکاروں نے شہر کی بڑی شاہراؤں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں تاکہ نئے اقدامات پر عمل کرایا جا سکے۔
وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ محکمہ صحت کے حکام عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال کے لیے قائم کیئر ہومز کو بھی بند کر رہے ہیں کیونکہ ان کے ذریعے بھی وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔
'جانتی ہوں کہ جن لوگوں کے پیارے ان کیئر ہومز میں ہیں ان کے لیے یہ بہت تکلیف دہ ہے مگر ہم اس طرح ان کی حفاظت اور دیکھ بھال بہتر طریقے سے کر سکتے ہیں۔'

شیئر: