Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی، دولہا، دلہن اور باراتی گرفتار

شادی خاموشی سے ہوئی مگر تصویر بنانے کے شوق نے معاملہ خراب کیا- فوٹو: سکائی نیوز
مراکشی پولیس نے نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر پابندیوں کی خلاف ورزی پر دولہا دلہن اور باراتیوں کو گرفتار کر لیا۔ شادی ملک کے شمالی شہر تطوان میں منعقد کی گئی تھی۔ کورونا وبا کی وجہ سے مراکش میں شادیوں کی تقریب منعقد کرنے پر پابندی ہے۔
سکائی نیوز کے مطابق ’بریس تطوان‘ ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ دولہا دلہن نے شادی کے موقع پر باقاعدہ بارات کا انتظام کیا۔ شہر کے مرکزی علاقے میں مشہور جگہ ’الحمامہ‘ تک بارات لے گئے تاکہ وہاں یادگاری تصاویر بنوا سکیں۔ 
تطوان شہر کے باشندے جب بھی شادی کرتے ہیں ’الحمامہ‘ مجسمے کے پاس جاکر دولہا دلہن کی یادگاری تصویر ضرور بنواتے ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں 1986 سے سفید کبوتر کا مجسمہ بنا ہوا ہے۔  
مراکشی پولیس نے دولہا دلہن کے ساتھ بارات میں شامل تمام مہمانوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ پوری بارات کو ’عین خباز‘ علاقے کے تھانے لے جایا گیا- 
پولیس نے بتایا کہ دولہا دلہن نے شادی خاموشی سے کی تھی تاہم تصویر بنانے کے شوق نے سارا معاملہ خراب کردیا۔  
مقامی حکام نے دولہا دلہن سمیت تمام باراتیوں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے پابندیوں کی خلاف ورزی کی بابت بیان لیے جارہے ہیں۔ 
مراکشی حکام نے جولائی کے آخر میں تطوان سمیت 8 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا جہاں کورونا وائرس کے مریض کثیر تعداد میں ریکارڈ پر آئے تھے۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: