Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا میں مُبتلا باپ بیٹی کی شادی بالکونی سے دیکھتا رہا

والد کو شادی سے ایک روز قبل کورونا کی علامتیں محسوس ہوئیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
 سعودی عرب کے علاقے باحہ میں بیٹی کی شادی سے ایک دن پہلے والد کورونا میں مبتلا ہوگئے۔ اپنی بیٹی کی شادی بالکونی سے دیکھتے رہے۔
بیٹی کی شادی کی تاریخ متعین تھی۔ دلہا اور ان کے رشتےدار دور دراز کا سفر طے کرکے تبوک سے باحہ کی کمشنری قلوۃ پہنچے تھے۔
المدینہ اخبار کے مطابق دلہن کے والد عبدالمجید الغبیشی زہرانی نے بتایا کہ اپنی بیٹی کے نکاح کی تاریخ طے تھی۔ شادی سے ایک روز قبل کورونا وائرس کی علامتیں محسوس ہوئیں تو میں نے ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔ 
الزہرانی نے بتایا کہ ’میرے دل نے یہ بات نہیں مانی کہ شادی کی تاریخ آگے بڑھائی جائے۔ دلہا اور ان کے رشتہ دار کافی دور تبوک سے سفر طے کرکے یہاں پہنچے تھے۔ میں نے طے کیا کہ شادی پروگرام کے مطابق ہی ہوگی‘۔
نکاح خواں کو ٹیلی فون پر بلا کر بتا دیا گیا کہ بچی کا والد ہوں اور اچانک کورونا وائرس میں مبتلا ہوگیا ہوں۔ 
الزہرانی نے کہا کہ’ چونکہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کر رہا تھا۔ بیٹی کے نکاح  کی باقاعدہ طور پر منظوری دینی تھی- میں نے طے کیا کہ تقریب ایسی جگہ منعقد ہو جسے میں
بالکونی سے دیکھ سکوں اور اپنی آواز نکاح خواں تک پہنچا سکوں‘۔

والد نے طے کیا کہ شادی پروگرام کے مطابق ہی ہوگی (فوٹو: سوشل میڈیا)

’میں بالکونی میں آیا اور وہیں سے اونچی آواز سے  نکاح کی منظوری دی اور بیٹی کی خوشیوں کا نظارہ بھی وہیں سے کیا‘۔ 
الزہرانی کا کہنا ہے کہ اللہ کے کرم سے شادی کے تمام کام بحسن و خوبی انجام پا گئے۔ میری آرزو ہے کہ لوگ کورونا وبا کے بعد بھی شادی میں سادگی کو اپنائے رکھیں۔

شیئر: