گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں وبا سے مزید 983 افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جمعے کے روز کورونا وائرس کے کیسز میں بڑے اضافے کے بعد ملک میں وبا کے مریضوں کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
اس طرح حکام پر اس بات کا دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ بڑے اجتماعات کو روکنے کا انتظام کریں کیونکہ رواں ماہ ہندو دیوتا گنیش چترتھی کا تہوار منعقد ہو رہا ہے۔
مغربی انڈیا میں گنیش چترتھی کے 11 روزہ تہوار کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تصاویر بھی وائرل ہو رہی ہیں جن میں لوگوں کو پھول اور مٹھائی خریدتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس مرتبہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تہوار قدرے خاموشی سے منایا جائے گا۔
انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 68 ہزار 898 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ملک میں مسلسل تین روز سے روزانہ وبا کے 60 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ اس طرح انڈیا میں کورونا کیسز کی تعداد 29 لاکھ 5 ہزار 825 ہو چکی ہے جو کہ امریکہ اور برازیل کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں کورونا وائرس سے مزید 983 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 55 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔
ممبئی میں کورونا وائرس کے روزانہ ایک ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں اور اب تک ان کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کے بعد رواں ماہ گنیش چترتھی کا شروع ہونے والا تہوار زیادہ وسیع پیمانے پر منعقد نہیں ہوگا۔
بُت اور مُورتیاں بنانے والے نندکمار پٹیل کا کہنا ہے کہ ' لوگ اپنے اخراجات کم کر رہے ہیں اور سستے بُت خرید رہے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کی یا تو ملازمتیں چلی گئی ہیں یا پھر تنخواہیں کم ہو گئی ہیں۔'
ممبئی میں کورونا وائرس کے روزانہ ایک ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
'گذشتہ برس میں نے اپنی دکان میں موجود تمام بُت فروخت کر دیے تھے تاہم رواں برس میں آدھے ہی بیچ پاؤں گا۔'
انڈیا نے رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن کیا تھا اور کئی شہریوں جیسا کہ ممبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز اور تھیٹرز بدستور بند ہیں۔