Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلبہ کی چین واپسی میں مشکلات کا نوٹس

زلفی بخاری نے چین کی مختلف یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے طلبا کے سفری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان نے چین میں زیر تعلیم طلبا کی پاکستان سے واپسی میں مشکلات کا معاملہ چینی حکام کے ساتھ اٹھا نے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ایک اعلامیے کے مطابق معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے چین میں زیر تعلیم طلبا کی شکایات کا نوٹس لے لیا ہے۔
زلفی بخاری نے وزارت اوورسیز کو ہنگامی بنیادوں پر طلبہ کا معاملہ حل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
 
انہوں نے چین کی مختلف یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے طلبا کے سفری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
بیان کے مطابق زلفی بخاری کی ہدایت پر وزارت اوورسیز کے حکام معاملہ کے حل کیلئے متحرک ہوگئے ہیں۔ وزارت خارجہ میں (ڈی جی چین) اور دیگر متعلقہ محکموں سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔
وزارت اوورسیز کی ویب سائیٹ پر طلبا کے کوائف کے اندراج کیلئے خصوصی فارم اپلوڈ کر دیا گیا۔
زلفی بخاری نے طلبا پر زور دیا کہ وہ بلا تاخیر کوائف درج کرائیں۔  انہوں نے کہا کہ چین واپسی کے خواہشمند طلباء لنک پر اپنی تفصیلات کا اندراج کروائیں۔
درین اثنا زلفی بخاری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ حل طلب ویزا کے معاملات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔ ’تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔‘
خیال رہے مذکورہ طلبا کو کورونا کے باعث امدادی کارروائیوں کے دوران وطن واپس لایا گیا تھا۔ ان میں سے متعدد طلبا کو چین واپس جانے میں ویزا سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔

شیئر: