Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں تھی؟ تم تھی؟ چنے کس نے نکالے؟‘

اب کی بار 'گوپی بہو' نہیں بلکہ ڈرامے کا ایک اور کردار 'راشی بین'ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
انڈین ڈراموں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کو دیکھنے والی ایک جنریشن تو ختم ہو سکتی ہے لیکن یہ نسل در نسل چلتے رہتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ کہ ان ڈراموں کی کہانی کچھ خاص نہ بھی ہو مگر ان کے کردار اور مقالمے خاص طور پر بیک گراؤنڈ میوزک ان ڈراموں کو ’اینٹرٹیننگ‘ بنا دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ سنجیدہ سے سنجیدہ ڈرامہ بھی مزاحیہ لگنے لگتا ہے۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر انڈین سوپ سیریل ’ساتھ نبھانا ساتھیا‘ کا ایک کلپ خوب وائرل ہو رہا ہے جس پر بہت سی میمز بھی شیئر ہو رہی ہیں اور تو اور اس کلپ پر ایک ’ریپ سانگ‘ بھی بن گیا ہے جو کافی مقبول ہو رہا ہے۔
ممکن ہے کہ آپ میں سے کئی لوگوں نے یہ ڈرامہ نہ دیکھا ہو مگر پھر بھی بھولی بھالی ’گوپی بہو‘ کے مختلف کلپس تو ضرور آپ کی نظر سے گزرے ہوں گے جس میں کبھی وہ ہسپتال کے بیڈ پر زندگی اور موت کی کشمکش میں نظر آتی ہیں اور اگلے ہی لمحے اپنے شوہر ’احم جی‘ کے گرین ٹی بنانے کا حکم سنتے ہی اپنی آنکھیں کھول دیتی ہیں۔
لیپ ٹاپ کو سرف سے مانجھ کر تار پر سکھانے کا انوکھا طریقہ بھی ’گوپی بہو‘ نے ہی متعارف کرایا تھا جس پر اس کلپ کو خاصا شیئر کیا گیا تھا۔
اب کی بار سوشل میڈیا پر گوپی بہو نہیں بلکہ اسی ڈرامے کا ایک اور کردار ’راشی بین‘ ٹرینڈ کر رہی ہیں۔
فیس بک اور ٹوئٹر پر وائرل کلپ میں ’کوکیلا بین‘ گوپی اور راشی کو لائن حاضر کرکے ان کی کلاس لیتی نظر آ رہی ہیں وہ بھی اس لیے کہ کسی نے کچن میں گھس کر کوکر سے چنے نکال لیے۔
سننے میں تو یہ کافی مضحکہ خیز ہے لیکن اس کلپ میں کوکیلا بین جس طرح سے تفتیش کرتی نظر آ رہی ہیں تو لگتا ہے کہ یہ ان کے لیے اتنی چھوٹی بات نہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس کلپ کو شیئر کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

تنیشہ جی نامی صارف نے لکھا کہ ’میرے ذہن سے ری مکس نہیں نکل رہا میں تھی؟ تم تھی؟ کون تھا؟‘

پرنس اکشون ورما کے نام سے صارف نے لکھا کہ ’ان لیجنڈز کو مت بھولیں جنہوں نے ہندی ٹی وی سیریلز کی تاریخ رقم کی۔ گوپی بہو: لیپ ٹاپ دھونا ہو یا راشی: کوکر کو خالی گیس پر رکھنا ہو۔‘

جگلرازم کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے ’راشی بین‘ کی ایک میم شیئر کی جس میں وہ یہ سوچ رہی ہیں کہ ’کاش اس دن کوکر سے میں نے چنے نہیں نکالے ہوتے۔‘

ایک اور صارف مان شاہد نے لکھا کہ ’آج آخرکار پہلی مرتبہ میری والدہ نے جب یہ ویڈیو دیکھی تو وہ ہنسیں۔ اور آپ سوچ نہیں سکتے میں کتنا خوش ہوں۔‘

سیڈ کیٹ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے ’گوپی بہو‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب ہر کوئی راشی بین کے بارے میں بات کر رہا ہو اور آپ کی لیپ ٹاپ والی قسط کو بھول جائے۔‘

مانسی راجپوت نے لکھا کہ ’تمہارا دل 'کوکر' تھا اور میرا دل چنے۔‘

شیئر: