Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیونل میسی کا بارسلونا چھوڑنے کا اعلان

میسی کی جانب سے فیکس پیغام بھیجنے کے بعد کلب انتظامیہ کی ملاقات متوقع ہے (فوٹو: اے ایف پی)
معروف فٹ بالر لیونل میسی نے بارسلونا چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز کی فہرست میں شامل کھلاڑی لیونل میسی نے 16 سال بعد اپنے فٹبال کلب بارسلونا چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
منگل کو 33 سالہ میسی نے ہسپانوی کلب بارسلونا کی انتظامیہ کو فیکس بھیجا جس میں انھوں نے اپنے معاہدے میں شامل شق کا حوالہ دیتے ہوئے کلب سے فوری رخصت کا مطالبہ کیا ہے۔
 
واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کو چیمپئینز لیگ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں میسی کی بارسلونا کو بائرن میونخ کے ہاتھوں 8-2 سے شرمناک شکست ہوئی تھی۔
بارسلونا کی چیمپئینز لیگ میں بائرن میونخ کے ہاتھوں شکست سے 2007 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ ہسپانوی کلب کوئی بھی ٹرافی جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
33 سالہ عظيم فٹ بالر کی سپينش کلب سے راہيں جدا ہونے کے بعد ان کے اور کلب کے مابین قانونی جنگ متوقع ہے۔
ميسی نے کلب کے نام فيکس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہيں معاہدے ميں شامل شق پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر کلب چھوڑنے کا حق حاصل ہے۔
تاہم کلب کا کہنا ہے کہ مذکورہ شق جون میں ختم ہوگیا تھا اور میسی 2021 کے سیزن کے اختتام تک کلب کے ساتھ معاہدے کے پابند ہیں۔
ہسپانوی اخبار مارسا کے مطابق ’ اصولی طور پر مذکورہ شق جون 10 کو ختم ہوگیا تاہم کورونا کی وجہ سے جاری سیزن کی غیر معمولی نوعیت نے میسی کو موقع فراہم کیا کہ وہ کلب سے اپنے آپ کو فوری ریلیز کرنے کا کہہ سکیں۔‘
 
میسی کی جانب سے فیکس پیغام بھیجنے کے بعد کلب انتظامیہ کی ملاقات متوقع ہے جہاں وہ مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

شیئر: