Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کی مہنگی ترین بھیڑ آٹھ کروڑ روپے میں فروخت

ہلکے سنہری رنگ کی اس بھیڑ پر شہری جیف ایکن کی کئی ہفتوں سے نظر تھی (فوٹو: گلوبل نیوز)
برطانیہ کے شہر گلاسگو میں ایک مخصوص نسل کی بھیڑ کی تین لاکھ سے زائد پاؤنڈز میں فروخت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق ڈبل ڈائمنڈ نامی بھیڑ کی نیلامی شروع ہوتے ہی بولیاں لگنا شروع ہو گئیں اور چند منٹوں میں ایک گاہک نے 3 لاکھ 67 ہزار 500 پاؤنڈ کی آفر پر مخصوص نسل کی بھیڑ خرید لی جس کی پاکستانی روپوں میں قیمت آٹھ کروڑ سے زیادہ بنتی ہے۔
ہلکے سنہری رنگ کی اس بھیڑ پر شہری جیف ایکن کی کئی ہفتوں سے نظر تھی جو خود بھی جانوروں کی نسل کی افزائش کرتے ہیں۔
جیف ایکن نے ڈبل ڈائمنڈ کی خرید پر اتنی بھاری رقم ادا کر کہ نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس سے قبل کسی بھی بھیڑ کو اتنی زیادہ قیمت میں نہیں خریدا گیا۔
جیف ایکن کا کہنا تھا کہ  گھوڑوں کی ریسنگ یا مویشیوں سے منسلک کسی بھی اور کاروبار کی طرح یہ بھی ایک کاروبار ہے۔
ڈبل ڈائمنڈ کا تعلق بھیڑوں کی ’ٹیکسل‘ نامی مخصوص نسل سے ہے جو نیدرلینڈز کے  قریب ٹیکسل نامی جزیرے میں پائی جاتی ہیں۔اس نایاب نسل کی بھیڑ کی بے حد مانگ ہے اور عموماً ہزاروں میں بکتی ہے لیکن ڈبل ڈائمنڈ کے منظر عام پر آنے سے اس کی قیمت میں یکدم اضافہ ہوا ہے۔
ڈبل ڈائمنڈ کی خرید کے لیے جیف ایکن نے ایک اور بریڈر کے ساتھ مل کر بولی لگانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس مخصوص نسل کی بھیڑ کی اہمیت کے باعث مقابلہ سخت ہو گیا اور دیگر بریڈرز نے بھی نیلامی میں حصہ لیتے ہوئے  زیادہ سے زیادہ بولی لگائی۔
چھ ماہ کی عمر کی ڈبل ڈائمنڈ کے بارے میں جیف ایکن کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی شاندار جانور ہے اور سب سے بہترین جینز موجود ہیں۔
ڈبل ڈائمنڈ برطانوی شہر چیشائر کی ایک فیملی نے فروخت کی ہے۔
ڈبل ڈائمنڈ کی فروخت سے پہلے 2009 میں ہونے والی نیلامی کے دوران بھی ایک بھیڑ کی دو لاکھ تیس ہزار پاؤنڈز قیمت ادا کی گئی تھی۔     

شیئر: