Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انرجی کا پاور ہاؤس کیلے کھانے کے پانچ فوائد

وٹامن سی اور میگنیز سے بھرپور کیلا جلد کے لیے ایک سپرفوڈ ہے (فوٹو: پکسا بے)
کیلا دنیا کے لذیز ترین اور کثیر خصوصیات رکھنے والے پھلوں میں سے ایک ہے۔ اس میں صحت افزا معدنیات شامل ہیں۔
 آپ انہیں ویسے کھائیں، سمودیز میں استعمال کریں یا پھر فروٹ باؤل کی شکل میں، ہلکی غذا کے طور پر یا پھر میٹھے سے لطف اندوز ہونے کے لیے یا پھر لاک ڈاؤن کے ان دنوں میں اس کی بریڈ بنائیں، اسے ورزش سے پہلے کھائیں یا بعد میں یہ پھل ہر لحاظ سے توانائی کا پاورہاؤس ہے۔
جلد کی حفاظت
وٹامن سی اور میگنیز سے بھرپور ہونے کے ناتے کیلا جلد کے لیے ایک سپرفوڈ ہے۔
میگنیز وٹامن سی کو جسم کا حصہ بننے میں مدد دیتی ہے اور پھر یہ دونوں مل کر خلیوں کی حفاظت کرتے ہیں اور آزاد ذرات سے پہنچنے والے نقصان سے بھی بچاتے ہیں۔

 

دونوں مل کر جسم میں کولیجن پیدا کرنے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ اس پروٹین کو بھی تقویت دیتے ہیں جو آپ کی جلد اور ہڈیوں کی بہتری کے لیے کام کرتی ہے۔
دوران حمل مفید
 کیلے پوٹاشیم کا ایک اچھا ذریعہ ہیں جو پاؤں کے درد اور اکڑن کے لیے مفید ہیں، جس کا سامنا دوران حمل اکثر خواتین کو رہتا ہے۔
ان میں وٹامن بی سکس بھی شامل ہے جو بچے کی نشوونما کے علاوہ پہلی سہ ماہی میں متلی سے بچاؤ میں بھی مفید ہے۔

ایک عام کیلے میں سو کیلوریز ہوتی ہیں جو بہت کم ہیں (فوٹو: پکسا بے)

اس کے علاوہ وٹامن سی کی بدولت قوت مدافعت بہتر رہتی ہے۔ کیلوں میں ریشے کی بھی بہتات ہوتی ہے جو قبض سے بچاتا ہے، اس مسئلے کا سامنا حاملہ خواتین کی50 فیصد تعداد کو رہتا ہے۔
وزن میں کمی
ایک عام کیلے میں سو کیلوریز ہوتی ہیں جو بہت کم ہیں۔ کم پکے یعنی سبز کیلے کا انتخاب کریں کیونکہ یہ نشاستے کا مزاحم ہے اور بھوک کم کرتا ہے۔
کیلے فشار خون کو متوازن رکھنے میں بھی مدد دے سکتے ہیں اور معدے کے خالی ہونے کے عمل کو کم کر کے بھوک کم کر سکتے ہیں۔

کیلے زیادہ پوٹاشیم اور کم سوڈیم کی بدولت فشار خون کو توازن میں رکھتے ہیں (فوٹو: فری پک)

فشار خون
کیلے زیادہ پوٹاشیم اور کم سوڈیم کی بدولت فشار خون کو توازن میں رکھتے ہیں۔ ایک بڑا کیلا آپ کی روزانہ کی پوٹاشیم کی ضرورت کے 10 فیصد سے زائد مہیا کرتا ہے جس کا مطلب یہ بھی ہے کہ یہ آپ کے دل اور گردوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں بھی مددگار ہے۔
فٹنس
کیلے فیٹ فری ہوتے ہیں اور اپنے اندر تین قسم کی مٹھاس رکھتے ہیں جن میں سرکوز(شکر) فرکٹوز (پھلوں سے حاصل ہونے والی مٹھاس) اور گلوکوز شامل ہیں جن کی بدولت کیلا توانائی کا ایک اہم ذریعہ بنتا ہے خصوصاً بڑھتے بچوں کے لیے اور ان لوگوں کے لیے جو ورزش کے دلدادہ ہیں۔

کیلے جسمانی درد اور اکڑن سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں (فوٹو شٹر سٹاک)

کیلے کو ایتھلیٹس کے لیے انہی معدنی خصوصیات کی وجہ سے مناسب ترین قرار دیا گیا ہے۔ ناشتے میں شامل کیے جانے سے توانائی بڑھتی ہے، ٹریننگ سیشنز کے دوران انہیں توانائی کی بحالی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور ورزش کے بعد اس کا پروٹین شیک بھی بہت مفید رہتا ہے۔
جیسا کہ پہلے ذکر کیا جا چکا ہے کہ کیلے جسمانی درد اور اکڑن سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جن کا سامنا بسا اوقات ورزش کی وجہ سے بھی ہوتا ہے۔.

شیئر: