Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصنوعی ذہانت کی عالمی کانفرنس آئندہ ماہ ریاض میں

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کانفرنس کی سرپرستی کریں گے (فوٹو: عرب نیوز) 
 سعودی عرب میں مصنوعی ذہانت کی عالمی سربراہ کانفرنس 7 اور 8 اکتوبر 2020 کو ریاض میں ہوگی-  اس کا سلوگن ’مصنوعی ذہانت انسانیت کی فلاح کے لیے‘ ہوگا۔
اس کا انتظام مصنوعی ذہانت کی سعودی اتھارٹی ’سدایا‘ کرے گی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کانفرنس کی سرپرستی کریں گے۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سدایا کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی کانفرنس آن لائن ہوگی تاکہ شرکا نئے کورونا وائرس کی وبا کے خطرات سے محفوظ رہیں۔  
کانفرنس میں سعودی اور غیرملکی، سرکاری و نجی اداروں کے ماہرین اور فیصلہ ساز شخصیات شرکت کریں گی جبکہ قافلہ سالار ٹیکنالوجی کمپنیاں، سرمایہ کار اور بڑے بڑے تاجر بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
کانفرنس کا مقصد وبا سے صحت یابی یا مصنوعی ذہانت والے رجحانات پر مکالمے ہوں گے۔
کانفرنس کا مقصد سرمایہ کاروں، کمپنیوں اور انتظامی اداروں کو مستقبل کے تقاضوں سے متعلق ہم آہنگ کرنا ہے- 
کانفرنس کے شرکا کو بنی نوع انسان کے بہتر مستقبل کی خاطر مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والے منفرد خیالات سننے کا موقع ملے گا- 

کانفرنس کے اختتام پر قومی حکمت عملی پر مشتمل اعلامیہ جاری ہوگا (فوٹو: سوشل میڈیا)

مصنوعی ذہانت کی عالمی کانفرنس میں چار اہم کلیدی موضوعات ہوں گے۔ جدید دور کے نقوش، مصنوعی ذہانت اور حکومتیں، مصنوعی ذہانت کا راج اور مصنوعی ذہانت کا مستقبل شامل ہیں۔ 
پروگرام کے مطابق کانفرنس کے اختتام پر مملکت میں مصنوعی ذہانت اور گوشواروں کی قومی حکمت عملی پر مشتمل اعلامیہ جاری ہوگا۔ 

شیئر: