Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسروں کی مدد کرنے والی سعودی خاتون کی وڈیو وائرل

ام محمد 3 بیٹوں اور بیٹی کی پرورش کے لیے کام کررہی ہیں- فوٹو العربیہ
 سعودی عرب کے شہرحائل کی خاتون ام محمد کی سخاوت کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ ’ام الایتام‘ (یتیموں کی ماں) ہیش ٹیگ بن گیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق ام محمد کا تعلق حائل شہر سے  ہے- آمدنی گزر بسر سے زیادہ نہیں۔ اس کے باوجود ہرکسی کی مدد میں پیش پیش رہتی ہیں۔  
ام محمد کی سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں  دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان سعودی خاتون کے پاس گیا اور کہنے لگا کہ ’ میرے پاس کھانے پینے کو کچھ نہیں‘- ام محمد نے کہا کہ ’گھبرانے کی کوئی بات نہیں میں تمہاری ماں ہوں اور تمہاری عزت میری عزت ہے‘- 
ام محمد نے یہ جملے بے ساختہ انداز میں ادا کیے-  یہ وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اسے غیرمعمولی پذیرائی ملی- 
 العربیہ نیٹ سے گفتگو میں ام محمد نے کہا کہ لگ بھگ دس برس سے دکان چلا رہی ہوں- سات برس سے اپنے تین بیٹوں اور ایک بیٹی کی پرورش کر رہی ہوں۔ شوہر کی وفات کے بعد مشکل میں تھی۔ بچوں کی خاطر حائل کے عوامی پکوان تیار کرکے فروخت کرنے لگی۔ اسی دوران حائل میں فیصل الرمالی نے جو ہنرمند خاندانوں کے انچارج ہیں مجھے کھانے پینے کی اشیا کا خریدنے کے لیے قرضہ دیا۔ 
ام محمد کا کہنا ہے کہ حائل شہر میں سڑکوں اور پارکوں میں گھوم پھر کر کھانے پینے کی اشیا فروخت کرکے گزر بسر کی اور مشکلات اٹھائیں۔ مجھے معاشرے کے ہر طبقے کے دکھ درد کا احساس بھی ہے- ہمارے یہاں اعلی اخلاق کے مالک اور سمجھ دار لوگ بھی ہیں اور نالائق بھی۔ 
ام محمد نے بتایا کہ میں وڈیو بنانے والے نوجوان سے ناواقف ہوں تاہم اس نے وڈیو بنانے کے بعد مجھ سے رابطہ کرکے وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی اجازت طلب کی تھی- وہ یہ جان کر متاثر ہوا تھا کہ میں ضرورت مند لوگوں کی مدد کرتی ہوں- اللہ  کے کرم سے میں یہ کام کئی برس سے کررہی ہوں- ایسا کوئی بھی شخص جس کے پاس کچھ نہ ہو اس کی مدد کرکے مجھے اچھا لگتا ہے۔

ترکی آل الشیخ نے کہا کہ وڈیو دیکھ کر میری نیند اڑ گئی- فوٹو ٹویٹر

ام محمد نے بتایا کہ میں اس وقت حیرت زدہ رہ گئی جب محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کہا کہ  آئندہ آپ سڑکوں، گلیوں اور پارکوں میں کچھ نہ فروخت کریں- آپ کے سارے قرضے میرے ذمہ ہیں۔ میں آپ کے لیے دکان کا انتظام کررہا ہوں- 
ترکی آل الشیخ نے اس سے قبل ٹوٹیٹ کیاکہ ’جب ام محمد کی وڈیو دیکھی تو میری نیند اڑ گئی۔ مجھے یہ احساس ستاتا رہا کہ آخر ہمارا وقار ہماری آبرو اور ہماری عزت کہاں چلی گئی۔ اسی لمحے طے کیا تھا کہ صبح ہوتے ہی ام محمد سے رابطہ کروں گا‘۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: