Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی گروہ گرفتار، جعلی اقامے برآمد

جعلی اقاموں کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد ہوئے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے چار غیرملکیوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 371 جعلی اقامے برآمد کیے ہیں۔
ملزمان اقامہ و محنت قوانین اور سرحدی سلامتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جعلی اقامے فروخت کررہے تھے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک غیرملکی گروہ جعلی اقامے تیار کرکے ان کا دھندا کررہا ہے۔ تلاش کرکے گروہ تک رسائی حاصل کرلی گئی جو چار پاکستانیوں پر مشتمل پایا گیا۔ یہ عمر کے دوسرے اور چوتھے عشرے میں ہیں۔ 
ترجمان کا کہنا ہے کہ چاروں ریاض شہر کے مرکزی علاقے میں اپنی رہائش کو جعلی اقاموں کے ٹھکانے میں تبدیل کیے ہوئے تھے۔
ان کے قبضے سے 371 جعلی اقامے برآمد ہوئے۔ جعلی اقاموں کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات اور اشیا بھی ضبط کی گئی ہیں۔
خالد الکریدیس نے بتایا کہ چاروں غیرملکیوں کو حراست میں لے کر پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ 

شیئر: