Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیا سیڈز، صحتمند اور لمبی زندگی گزارنے میں مددگار

چیا سیڈز گوشت نہ کھانے والوں کے لیے انتہائی اہم ہیں (فوٹو: پکسا بے)
جانیے سپر فوڈز کے بارے میں جو آپ کو صحت مند اور لمبی زندگی گزارنے میں مدد دیں گے۔
ماہر خوراک اور پرسنل ٹرینر دیوندر بینز آج بتا رہی ہیں کہ چیا سیڈز کے بارے میں، جو سائز میں تو بہت چھوٹے ہیں لیکن اس وقت بہت بڑے لگتے ہیں جب ان میں موجود غذائی اجزا پر نگاہ ڈالی جائے۔
ان کو سمودیز میں شامل کریں یا پھر ناشتے میں بطور دلیہ لیں، فروٹ باؤل پر چھڑکیں، یا پھر پانی یا دودھ میں بھگو کر کھیر بنائیں۔ یہ ہر لحاظ سے مزیدار اور صحت بخش ہے۔

 

آئیے دیکھتے ہیں کہ چیا سیڈز کس طرح آپ کے ذہن اور جسم کو بہترین پوزیشن پر لاتے ہیں۔
شجری پروٹین سے بھرپور
دو چمچ (28 گرام) میں چار گرام پروٹین رکھنے والے چیا سیڈز پودوں سے حاصل ہونے والی پروٹین کا ایک بڑا ذریعہ ہیں اور گوشت نہ کھانے والوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
خلیوں کی بناوٹ، مرمت اور ہارمونز کی تیاری میں پروٹین کا کردار کلیدی ہے۔
یہ ہڈیوں، عضلات، کارٹلیج، جلد اور خون کے حوالے سے بھی اہم کام انجام دیتے ہیں۔
چیا کی اسی مقدار میں 12 گرام کاربوہائیڈریٹس جن میں 11 دراصل فائبر پرمشتمل ہوتے ہیں۔ یہی خوبی چیا کو کم کاربوہائیڈریٹس اور زیادہ پروٹین والی ایک ایسی خوراک بناتی ہے جو گوشت نہ کھانے والے اور پودوں سے حاصل ہونے والی پروٹین کو پسند کرنے والے افراد اور اتھلیٹس کا یکساں اور بہترین انتخاب ہے۔

ہڈیوں کی صحت
چیا سیڈز کیلشیئم، فاسفورس، میگنیشیم، مینگانیز اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں اور یہ سب چیزیں ہڈیوں کی مضبوطی اور نشوونما کے لیے مفید ہیں۔
روزانہ کی بنیاد پر کیلشیئم کی تجویز کردہ مقدار کا 18 فیصد چیا کے صرف دو چمچوں میں موجود ہوتا ہے جو بیشتر دودھ سے بنی اشیا کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
زیادہ پروٹین والی خوراکیں کھانے سے ہڈیوں کے چٹخنے کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں۔

بڑھتی عمر کے اثرات روکنے میں معاون
اینٹی آکسیڈنٹس اور اومیگا تھری آئل چیا سیڈز کو جلد کے لیے ایک جادوئی خوراک بناتے ہیں۔ یہ دونوں چیزیں سوزش اور جلن سے بچاتی ہیں جس سے جھریاں بننے کے عمل میں رکاوٹ پڑتی ہے اور جلد پرسکون رہتی ہے۔ یہ جلد میں پیدا ہونے والی کئی خرابیوں کو دور کرنے میں بھی مدد دیتی ہیں، ان کی بدولت داغ، مہاسے اور چھائیاں بھی دور ہوتی ہیں اور جلد تروتازہ دکھائی دیتی ہے۔
چیا سیڈز میں ناریل کا تیل اور لیموں کا جوس ملا کر گھر میں فیس ماسک بھی بنایا جا سکتا ہے اور جلد کی حفاظت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دماغ کی صحت
 جیسا کہ اوپر بیان کیا جا چکا ہے کہ چیا سیڈز میں اومیگا تھری آئل بھی شامل ہوتا ہے جو ایک ایسی چیز ہے جو ڈپریشن کی مزاحم ہے، خواب آور ہے اور یادداشت کو بہتر بناتی ہے جبکہ شعوری اور علمی لحاظ سے ہونے والی کمی کو بھی روکتی ہے۔ اسی طرح بچوں اور بڑوں میں سیکھنے کی صلاحیت بھی بہتر ہوتی ہے۔
چیا سیڈز اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو دماغ کو مختلف خرابیوں سے بچاتے ہیں اور ان میں شامل معدنیات جیسے آئرن، کاپر، میگنیشیئم، مینگانیز اور زنک، یہ سب اچھی دماغی کارکردگی کے لیے ضروری ہیں۔

وزن کم کرنے میں مددگار
چونکہ چیا سیڈز میں پروٹین، فائبر کی بہتات ہوتی ہے اس لیے یہ آپ کو غیر ضروری خوراک سے دور رکھتے ہیں۔ حل پذیر فائبر کی وجہ سے چیا سیڈز پانی میں وزن دس گنا تک جذب کر سکتے ہیں، یہ آپ کے معدے میں پھیلتے ہوئے سیر ہونے کا احساس دلاتے ہیں اور نتیجتاً آپ کم کھانا کھاتے ہیں اور وزن کم ہوتا ہے۔

شیئر: