Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چنئی سپر کنگز کی سست بیٹنگ پر دھونی پر تنقید

دھونی کا کہنا تھا کہ وہ کچھ مختلف کرنا چاہ رہے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ سٹار مہندر سنگھ دھونی کو انڈین پریمیئر لیگ میں چنئی سپر کنگز کی سست بیٹنگ پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
چنئی سُپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے حریف ٹیم راجستھان رائلز کے خلاف منگل کو متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ہونے والے میچ میں 217 کے ہدف کے تعاقب کے لیے انگلینڈ کے سیم کورن اور نئے کھلاڑی رتوراج گائک وڈ کو اوپنر بھیجا۔
بعدازاں 14 ویں اوور میں وہ خود بیٹنگ کے لیے آئے اور پہلی 13 بالوں میں صرف 10 رنز بنا سکے۔ جبکہ ان کے ساتھی فاف ڈو پلیسس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 72 رنز بنائے جس میں سات چھکے شامل تھے۔
 دھونی نے منگل کے میچ میں فائنل اوور میں تین لگاتار چھکے مارے لیکن تب تک کھیل چنئی سُپر کنگز کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ کنگز کو اس میچ میں 16 رنز سے شکست ہوئی۔
ای ایس پی این کرک انفو سے بات کرتے ہوئے انڈیا کے سابق اوپنر گوتم گھمبیر نے دھونی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیم کو ٹھیک سے لیڈ نہیں کیا۔ 'فاف شاید (کھیل میں) اکیلے جنگجو تھے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ، 'جی آپ ایم ایس دھونی کے آخری اوور کی بات کر سکتے ہیں، لیکن ایمانداری کے ساتھ اس کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔ وہ صرف اپنے لیے رنز بنا رہے تھے۔'
 

دھونی کو کچھ حمایت ان مداحوں سے حاصل ہوئی جنہوں نے ان کے تین چھکوں کو سراہا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میچ کے بعد ان کا کہنا تھا کہ، 'میں نے طویل عرصے سے بیٹنگ نہیں کی۔ (متحدہ عرب امارات میں) 14 دن کا قرنطینہ مددگار ثابت نہیں ہوتا۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کچھ مختلف کرنے کی کوشش کرنا اور سیم کورن کو مواقع دینا چاہ رہے تھے۔ چنئی سُپر کنگز کے کوچ سٹیفن فلیمنگ نے رپورٹرز کو بتایا کہ ’دھونی اننگز کے آخر میں اپنی مہارت دکھاتے ہیں۔‘
تاہم کوچ کے اس بیان سے دھونی کے مداحوں کو تسلی نہیں ہوئی۔
ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ، 'اگلی بار دھونی کو میچ (شروع ہونے) سے پہلے وارم اپ کرلینا چاہیے، اس کے دوران نہیں۔'
تاہم دھونی کو کچھ حمایت ان مداحوں سے ملی جنہوں نے ان کے تین چھکوں کو سراہا، جن میں سے ایک شارجہ سٹیڈیم کے باہر گرا۔

شیئر: