Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکار مرزا شاہی کا انتقال: 'ہم نے چچا کمال کو کھو دیا'

مرزا شاہی کورونا کے مرض میں مبتلا تھے۔ فوٹو ٹوئٹر
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مزاحیہ اداکار مرزا شاہی انتقال کر گئے ہیں۔
اداکار مرزا شاہی کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا تھے، گزشتہ ہفتے ان کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ مرزا شاہی کراچی کے سول ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں منگل کی شب کو انتقال ہو گیا۔
مرزا شاہی کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈری اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے متعدد فلموں اور ڈراموں میں مختلف کردار نبھائے۔ حال ہی میں ڈرامہ ’نادانیاں‘ میں ان کا کردار ’چاچا کمال‘ بے حد پسند کیا گیا تھا۔
 مارننگ شو کی میزبان اور ڈرامہ نادانیاں میں مرزا شاہی کی ساتھی اداکارہ ندا یاسر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ان کی وفات کی خبر شیئر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی لیجنڈری اداکار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔
اداکارہ ژالے سرحدی نے ٹویٹ کیا کہ مرزا شاہی انتہائی اچھے انسان تھے، اداکار کی وفات کا انہیں صدمہ ہوا ہے۔ 
ٹوئٹر صارف آفان شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک اور عظیم اداکار کھو دیا، مرزا شاہی نے نامور پاکستانی فلموں کے علاوہ مزاحیہ ڈراموں نادانیاں اور قدوسی صاحب کی بیوہ میں بھی کردار ادا کیا۔

صارف عمیر علوی نے مرزا شاہی کا مشہور ڈائیلاگ ’کسی نے میرا بکرا تو نہیں دیکھا‘ یاد کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ففٹی ففٹی اور نادانیاں میں مزاحیہ اداکاری سے سامعین کو خوب ہنسایا۔
 سدرہ علی نامی صارف نے لکھا کہ 'ہم نے آج اپنے بچپن کے ایک اور دلچسپ کردار چچا کمال کو کھو دیا۔' 

مرزا شاہی نے 1967 میں اداکار ندیم کے ساتھ فلم ’چکوری‘ میں کام کیا تھا۔

شیئر: