Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں گھریلو ملازمین کے لیے ویزے کا دوبارہ اجرا

اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواستیں جمع ہوں گی ( فوٹو ٹوئٹر)
 متحدہ عرب امارات میں وفاقی اتھارٹی برائے شناختی اور شہریت نے گھریلو ملازمین کےلیے ویزے کا دوبارہ اجرا شروع کیا ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ایک بیان میں وفاقی اتھارٹی برائے شناختی اور شہریت نے کہا کہ سرکاری اور نیم سرکاری تنظیموں اور دیگر اہم شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی داخلے کے لیے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔
اس سروس کا دوبارہ آغاز معیشت اور سیاحت کی صنعت کی بحالی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو تقویت دینے کے فریم ورک کے تحت ہے۔

دیگر اہم شعبوں کے ملازمین کو بھی داخلے کے لیے اجازت نامے جاری ہوں گے۔(فوٹو ٹوئٹر)

یہ کام نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے کیا جارہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ درخواست گزار احتیاطی تدابیر کے ساتھ اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواستیں جمع کراسکتے ہیں تاہم انہیں متحدہ عرب امارات پہنچنے سے قبل لازمی طور پر کورونا کے ٹیسٹ کا منفی رزلٹ پیش کرنا ہوگا۔
آجروں کو متعلقہ اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے آمد کے وقت 14 دن کے قرنطینہ کو یقینی بنانا ہوگا۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ  رہائشی اجازت نامے کے ساتھ سرکاری، نیم سرکاری اور اہم شعبے کے ملازمین  اور تمام قومیتوں کے گھریلو ملازمین کے لیے اجازت نامے جاری ہوں گے بشرطیکہ ان کے آجر اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواستیں جمع  کرائیں۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: