Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ بھی کورونا میں مبتلا

علی اکبر صالح کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ ہاؤس آئسولیشن میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ایران نے ایک دن میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 251 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
چار دن قبل بھی ایران میں ایک دن میں 239 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے تھے۔
 عرب نیوز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ایران کے دو سینیئر عہدیدار انفیکشن میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ان میں اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے سربراہ بھی شامل ہیں۔ 
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے بتایا کہ اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے سربراہ علی اکبر صالح جو ملک کے نائب صدر بھی ہیں پچھلے ہفتے ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ تب سے ہاؤس آئسولیشن میں ہیں تاہم ان کی صحت اچھی ہے۔
 خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نائب صدر برائے بجٹ اور منصوبہ بندی کے انچارج محمد باقر نوبخت کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
وزارت صحت کی ترجمان سیما لاری نے بتایا کہ ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 28 ہزار 544 ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ایران خطے کا سب سے متاثرہ ملک بن چکا ہے۔
ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 822 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 75 ہوگئی۔ ان میں 4 ہزار 500 مریضو ں کی حالت تشویشناک ہے۔

ایران میں چوبیس گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 822 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے (فوٹو: گلف نیوز)

یاد رہے کہ تہران میں گذشتہ ہفتے سکول، مساجد، ریستوران، دکانیں اور دیگر عوامی ادارے سات دنوں کے لیے بند کر دیے گئے تھے اور اب گورنر نے اس مدت کو مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا ہے۔
ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث حکام نے یہ بھی فیصلہ کیا تھا کہ ہسپتالوں میں دوسرے امراض میں مبتلا ایسے مریضوں کو نہیں رکھا جائے گا جن کو ضروری اور ہنگامی طبی امدادی کی ضرورت نہ ہو۔

شیئر: