Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'موت کا انتظار'، 74 سالہ شخص مُردوں کے ڈبے میں بند

ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 74 سالہ بالا سوبرامنیا ان ڈبے کے اندر سانس لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کی ریاست تامل ناڈو میں ایک 74 سالہ شخص کو ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ان کے گھر والوں نے مبینہ طور پر ان کی موت کے انتظار میں ایک ٹھنڈے ڈبے میں میں رکھ دیا۔ ایسے ڈبے میں عموماً مُردوں کو رکھا جاتا ہے۔
نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ بالا سوبرامنیا کمار کے بھائی نے ٹھنڈا ڈبہ کسی ایجنسی سے لیا تھا۔ جب وہ ڈبہ واپس لینے اس ایجنسی کا ایک افسر ان کے گھر پہنچا تو اس نے ڈبے میں بالا سوبرامنیا کو سانس لیتا ہوا پا کر فوراً مدد طلب کی۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 74 سالہ بالا سوبرامنیا اس ڈبے کے اندر سانس لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واقعے کی تحقیقات کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ بالا سوبرامنیا حال ہی میں ہسپتال سے نازک حالت میں فارغ کیے گئے تھے، تاہم ان کے بھائی نے ٹھنڈے ڈبے کا انتظام کر رکھا تھا کیونکہ وہ مبینہ طور پر بالا سوبرامنیا کے مرنے کرنے کا انتظار کر رہے تھے۔
جب ایجنسی کے افسر نے بالا سوبرامنیا کو ڈبے میں زندہ پایا تو انہوں نے مدد طلب کی جس کی وجہ سے ان کو بچا لیا گیا۔
واقعے کے بارے میں سن کر مُردوں کے لیے گاڑیاں فراہم کرنے والے دیوالنگم بھی بالا سوبرامنیا کی مدد کے لیے ان کے گھر پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس آدمی کو پوری رات اندر رکھا گیا۔ ایجنسی والے نے پریشان ہو کر مجھے کال کی۔ مجھے (بالا سوبرامنیا کے) اہل خانہ نے بتایا کہ ان کی روح نے اب تک ان کا جسم نہیں چھوڑا اور وہ (ایسا ہونے کا) انتظار کر رہے تھے۔'
ایک پولیس افسر نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ کسی کی جان خطرے میں ڈالنے اور بے پروائی برتنے کا کیس دائر کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق بالا سوبرامنیا ایک نجی کمپنی کے لیے سٹور کیپر کے طور پر کام کرتے ہیں، وہ اپنے بھائی اور بھتیجی کے ساتھ رہتے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں