Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: سرحد پار کرنے والا چینی فوجی رہا

سرحد کے قریب چین اور انڈیا نے ہزاروں فوجی تعینات کیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے لداخ کے متنازع علاقے میں غلطی سے سرحد پار کرنے پر حراست میں لیے گئے ایک چینی فوجی کو رہا کر دیا ہے۔
چینی فوجی راستہ بھول کر سرحد پار کرکے انڈین علاقے میں داخل ہو گیا تھا۔ نئی دہلی نے کہا تھا کہ چینی فوجی کو انڈین علاقے میں داخل ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کارپورل وانگ یا لانگ کو بدھ کی صبح چین کے حوالے کیا گیا۔
چین نے کہا ہے کہ کارپورل وانگ یا لانگ سے چرواہوں نے یاکس ڈھونڈنے کی درخواست کی تھی جس کی وجہ سے وہ راستہ بھول گئے۔
رواں برس جون میں انڈیا کے زیر انتظام علاقے لداخ کی وادی گالوان میں انڈیا اور چین کے فوجیوں کے درمیان سرحد پر جھڑپ ہوئی تھی جس میں انڈیا کے 20 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
انڈیا اور چین کے درمیان مئی کے آغاز میں سرحدی کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب چینی فوجیوں کی بڑی تعداد نے لداخ کے تین مقامات پر انڈیا کے زیر کنٹرول علاقے میں داخل ہو کر پوسٹیں قائم کر لی تھیں۔

جون میں جھڑپ کے دوران 20 انڈین فوجی ہلاک ہوئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مذاکرات کے کئی دور ہوئے۔
ستمبر میں چین اور انڈیا نے ہمالیہ کی سرحد پر مزید فوج نہ بھیجنے اور صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے پر اتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ لداخ میں تبت کے قریب ہزاروں انڈین اور چینی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر کشیدگی کئی دہائیوں سے ہے (فوٹو: اے ایف پی)

چین اور انڈین فوجیوں کے درمیان کشیدہ صورتحال اب بھی موجود ہے جبکہ دونوں ممالک کے اہلکار کچھ علاقوں میں صرف چند سو میٹر کے فاصلے پر ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان 1962 میں ایک چھوٹے پیمانے کی جنگ لڑی گئی تھی۔

شیئر: