Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سندھ حکومت نے سازشی کردار ادا کیا‘

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن ملک دشمن بیانیے کو تقویت دے رہی ہے (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ’بلاول بھٹو زرداری سندھ پولیس والوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور ان کی چھٹیاں منسوخ کروا دیتے ہیں۔ مجھے اس معاملے میں دال میں کچھ کالا نظر آتا ہے۔‘
’ایسا لگتا ہے کہ اس میں سندھ حکومت کا سازشی قسم کا کردار تھا اور میں یہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کیونکہ یہ لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ کراچی واقعے کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے، یہ ایک ایسا واقعہ تھا جسے پیش نہیں آنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ مقدمہ بانی پاکستان کے مزار کی بے حرمتی پر درج کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے خود بھی تسلیم کیا ہے اور تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی ہے جب کہ ایک کمیٹی ’چیف صاحب‘ نے بھی بنائی ہے۔ ان کی رپورٹ آنے کے بعد عمل درآمد سندھ حکومت کرائے گی۔
انہوں نے کیپٹن (ر ) صفدر کی گرفتاری کے واقعے کے حوالے سے کہا کہ جو کچھ ہوا ہے وہ کچھ عجیب سا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ’وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
شبلی فراز نے واقعے کا ذمہ دار سندھ پولیس کو قرار دیتے ہوئے کہا اس وقت سندھ پولیس اور سندھ حکومت مل کر جو کچھ کر رہی ہیں اس سے لگتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’اس کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کی رپورٹ پر عمل درآمد سندھ حکومت کرائے گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہ پھینکے (فوٹو: اے ایف پی)

شبلی فراز نے پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیاست، کرپشن اور حکومت کو بچانے کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن ملک دشمن بیانیے کو تقویت دے رہی ہے۔
’یہ لوگ انڈیا کا کام  کر رہے ہیں، اس کو کیا ضرورت ہے کہ ہم پر حملہ کرے۔‘
انہوں نے بلاول بھٹو اور مریم نواز کو موروثی سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی نے دونوں خاندانوں کی سیاست کا خاتمہ کیا۔
بلاول بھٹو نے ن لیگ اور پی پی کے رہنماؤں کے بارے میں کہا کہ ’ یہ جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔ یہ لوگ جس خوب صورتی سے جھوٹ بولتے ہیں اتنی خوب صورتی سے تو سچ بھی نہیں بول سکتے۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’ن لیگ کی قیادت باہر بیٹھ کر بزدلوں کی طرح تقریریں کرتی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ سندھ حکومت جو کچھ کر رہی ہے اس سے لگتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے (فوٹو: سی ایم ہاؤس)

وزیر اعظم نے کئی سال قبل ہی کہہ دیا تھا کہ یہ لوگ اکٹھے ہو جائیں گے اور آج ایسا ہی ہو رہا ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ہیلی کاپٹر سے آپ کی والدہ کی تصاویر گرائی تھیں۔  
ان کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن نے خاتونِ اول کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جو قابل مذمت ہے۔ وزیراعظم کی اہلیہ غیر سیاسی شخصیت ہیں ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔‘
انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہ پھینکیں‘
شبلی فراز نے بلاول بھٹو پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پولیس سمیت ہر ادارے کو  اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا۔
’لینڈ کروزر پر آنے والے غریبوں کی بات کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ قوم کو بنارسی ٹھگوں سے نجات دلائیں گے، وہ دن دور نہیں جب یہ سب جیلوں میں ہوں گے۔‘

شیئر: