Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایران نے امریکی ووٹرز کو دھمکی آمیز میلز بھیجیں‘

ای میلز میں دھمکی دی گئی ہے کہ ’اگر آپ نے ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیا تو ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی حکام  نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ اس نے مختلف امریکی ریاستوں میں ڈیموکریٹک ووٹرز کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجیں۔
خیال رہے امریکہ کی ان ریاستوں میں جہاں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے وہاں ڈیموکریٹک ووٹرز کو کئی ایک دھمکی آمیز میلز بھیجی گئیں جس میں انہیں صدر ٹرمپ کو ووٹ دینے کا کہا گیا ہے۔
امریکی انتخابات سے دو ہفتے قبل ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا جانے والے اعلان سے یہ واضح کرتا ہے کہ امریکی حکام کو بیرونی ممالک کی جانب سے جھوٹی افواہیں پھیلا کر ووٹرز ٹرن آؤٹ پر اثرانداز ہونے کی کوششوں پر تشویش ہے۔
 
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکہ کے نیشنل انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر جان ریٹ کلف کا کہنا تھا کہ یہ ’مایوس دشمنوں کی جانب سے ایک مایوسانہ کوشش ہے۔‘
امریکی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرس رے کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں جان ریٹ کلف کا کہنا تھا کہ امریکہ 2020 کے اتخابات میں مداخلت کرنے والے ممالک پر جرمانہ عائد کرے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کوششوں کے باوجود اب تک آنے والے انتخابات کی شفافیت برقرار ہے۔
کرس رے کا امریکی رائے دہندگان سے کہنا تھا کہ ’آپ کو اعتماد ہونا چاہیے کہ آپ کے ووٹ کی اہمیت ہے۔‘
ان کے مطابق اس حوالے سے کسی بھی مخالف دعوے کو شک کی نگاہ سے دیکھ کر اس کی تصدیق کرنی چاہیے۔
رے اور ریٹ کلف نے ان ای میلز کی وضاحت نہیں کی تاہم اے پی کے مطابق اس معاملے سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ نے حال ہی میں  مختلف ریاستوں میں بظاہر ایک نئے فاشٹ گروپ ’پراؤڈ بوائیز‘ کی جانب سے ڈیموکریٹک ووٹرز کو بھیجے گئے ای میلز کا الزام ایران پر لگایا ہے۔
ای میلز میں دھمکی دی گئی ہے کہ ’ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے اگر آپ نے ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیا۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ایران اور روس نے امریکی ووٹرز کا ڈیٹا حاصل کیا ہے۔ ان کے مطابق تہران نے اس ڈیٹا کو مختلف ریاستوں بشمول پنسلوانیا اور فلوریڈا میں ووٹرز کو دھمکی آمیز ای میلز کرنے کے لیے استعمال کیا۔
ریٹ کلف کے مطابق ان ای میلز کا مقصد ٹرمپ کو نقصان پہنچانا تھا۔ تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ ٹرمپ کو کیسے نقصان پہنچانا مقصود تھا۔

شیئر: