Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان: سعد الحریری کو وزیراعظم کی ذمہ داریاں

65 ارکان نے سعد الحریری کے حق میں ووٹ دیا- فوٹو اخبار 24
لبنانی صدر میشیل عون نے سعد الحریری کو وزیراعظم کی ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں-
اخبار 24 کے مطابق سعد الحریری نے نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری تفویض کیے جانے پر کہا کہ وہ اپنا وعدہ  پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں- وہ لبنان میں تباہی بند کرانے اور بیروت بندرگاہ  دھماکے سے تباہ شہر کی تعمیر نو کرائیں گے-  پہلے مرحلے میں ان کی ساری توجہ حکومت سازی پر مرکوز ہوگی-
الحریری نے لبنانی صدر سے ملاقا ت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ان ارکان پارلیمنٹ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے غیر جماعتی بنیادوں پر حکومت کی تشکیل کے لیے نامزد کیا- وقت ہاتھ  سے نکلا جا رہا ہے اور یہ ملک کو بچانے کا  آخری موقع ہے‘
لبنانی پارلیمنٹ کے ارکان نے نئی حکومت کے لیے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے مشاورت کی تھی- ارکان پارلیمنٹ میں سے 65 نے ان کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 53 نے کوئی بھی نام تجویز نہیں کیا-
یاد رہے کہ پچھلی بار جب ارکان پارلیمنٹ نے قائم مقام وزیراعظم کے لیے حسان دیاب کا انتخاب کیا تھا تب انہیں 69 ووٹ ملے تھے-
اس مرتبہ پارلیمانی پارٹی حزب اللہ اور لبنان کی دو بڑی مسیحی جماعتوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا- ان میں سے ایک الطیار الوطنی الحر ہے جس کے قائد جبران باسیل ہیں اور دوسری پارٹی القوات اللبنانیۃ ہے جس کے قائد سمیر جع جع ہیں-
 لبنان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق التنمیۃ والتحریر گروپ کے ممبران نے سعد الحریری کے  حق میں ووٹ دیا- اس گروپ کے قائد سپیکر نبیہ بری ہیں-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: