Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی زمبابوے کے خلاف کامیابی

پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
اتوار کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راول پنڈی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو فتح کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا تھا. پاکستان نے مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 16 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

 

حیدر علی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 66 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابر اعظم 51 رنز بنانے کے بعد مزاربانی کی گیند پر چگمبرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
 اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ 
زمبابوے کی جانب سے ریان برل 32 اور مدھیویرے 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
پاکستان کی طرف سے اپنا دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے لیگ سپنر عثمان قادر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار اوورز میں 23 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ 
حارث رؤف نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف بھی ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔ 
یا درہے کہ سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے پہلے کھیلی گئی ون ڈے سیریز 2-1 سے پاکستان کے نام رہی تھی۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی20 میچ منگل 10 نومبر کو پنڈی سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: