Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونس خان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان یونس خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق یونس خان کی تقرری کم سے کم آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے کی گئی ہے۔
اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کی تھیں۔
 
سابق کپتان اب دورہ نیوزی لینڈ میں بھی یہی کردار نبھائیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق جب قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروفیت نہیں ہوں گی تو یونس خان حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔
اس سلسلے میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔
‏ یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جبکہ 265 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 442 رنز سکور کر رکھے ہیں۔
 انہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں۔ ان کا بہترین سکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313 رنزتھا۔
‏ یونس خان آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی تھے، اس ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

دورہ انگلینڈ کے دوران یونس خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں (فوٹو: اے ایف پی)

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم سے کم آئندہ دو برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔
’اگرچہ وہ انگلینڈ میں مختصر وقت کے لیے ٹیم کے ساتھ  رہے تاہم اس دوران ہمیں ان کے بارے میں جو فیڈ بیک ملا وہ شاندار تھا۔‘
  چیف ایگزیکٹیو کے مطابق پی سی بی اپنی اس حکمت عملی  پر کاربند ہے جس کے تحت نامور کرکٹرز اور کوالیفائیڈ کوچز کی ملک کے بڑے سینٹرز پر تقرری ہوگی۔ ’لہٰذا ہم اس وقت بھی یونس خان کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے کہ جب قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان کی کوئی مصروفیت نہیں ہوگی۔‘
اعلامیے کے مطابق یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک طویل مدت کے لیے پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہیں اور دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے سے وہ بہت لطف اندوز ہوئے تھے۔

پی سی بی نے سابق ٹیسٹ سپنر ارشد خان کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

’اب نیوزی لینڈ کے اہم دورے پر انہی لوگوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کا منتظر ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میرے کام کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے۔
‏درِیں اثنا پی سی بی نے سابق ٹیسٹ سپنر ارشد خان کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔
پی سی بی اس سے قبل ڈیوڈ ہیمپ کو بھی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرچکا ہے۔ ڈیوڈ ہیمپ برمودا اور گلیمورگن کرکٹ ٹیموں کے کپتان رہ چکے ہیں ۔

شیئر:

متعلقہ خبریں