Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کفیل قید ہے اوراقامہ ایکسپائر، کفالت تبدیل کیسے کرائیں ؟

جرمانہ ہونے کی صورت میں خروج نہائی نہیں لگ سکتا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے معمولات زندگی بحال ہو ئے ہیں تاہم بیرونی عمرہ زائرین کے لیے پابندیاں کسی حد تک اٹھاتے ہوئے جزوی عمرہ بحال کیا گیا ہے۔
مملکت میں غیر ملکیوں کےلیے رہائش اور ملازمت کے حوالے سے قوانین میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں جن کے اطلاق مارچ 2021 سے کیا جائے گا اس بارے میں مکمل طور پر قانونی نکات کا اعلان نہیں کیا گیا۔
مندرجہ ذیل  سوالات کے جوابات موجودہ قوانین کے مطابق دیئے جارہے ہیں جیسے ہی نئے قوانین نافذ ہونگے ان کے بارے میں اردونیوز میں فوری طور پر مطلع کر دیاجائے گا۔
جاوید موہال ۔۔ جسے 10 ہزار ریال جرمانہ لگا ہو کیا وہ خروج نہائی جاسکتا ہے یا جرمانہ بھرنا ہو گا؟
جواب ۔۔ خروج نہائی ’فائنل ایگزٹ‘ یا خروج وعودہ ’ ایگزٹ ری انٹری‘ ویزہ حاصل کرنے کے لیے لازمی ہے کہ سسٹم میں کسی قسم کی خلاف ورزی یا جرمانہ نہ ہو۔

قانون کے مطابق جرمانہ ہو نے کی صورت میں خروج نہائی لگ سکتا(فوٹو، ٹوئٹر)

جوازات کے قانون کے مطابق جرمانہ ہو نے کی صورت میں نہ تو خروج نہائی لگ سکتا ہے اور نہ ہی خروج عودہ۔
خروج نہائی کے لیے یہ بھی لازمی ہے کہ درخواست گزار کے نام سے اگر کوئی گاڑی ہو ، گھر کا ٹیلی فون اس کے نام سے لگا ہے یا کسی قسم کی دیگر واجب الاد رقم ہو تو اس وقت تک خروج نہائی نہیں لگ سکتا جب تک تمام معاملات صاف نہ ہوجائیں۔
علی شہزاد ۔۔ میرا پاسپورٹ گم ہو گیا ہے، نیا پاسپورٹ کس طرح حاصل کروں ، یہ بھی معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ فیملی کو عمرہ پر بلانا کس طرح ممکن ہو گا؟
جواب ۔۔ پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں  سفارتخانے ریاض یا جدہ میں قونصلیٹ کے سے رجوع کریں۔
پرانے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ متعلقہ اہلکار کے سامنے پیش ہوں جہاں سے متبادل پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست جمع کریں۔ کچھ عرصہ قبل تک ڈبلیکیٹ پاسپورٹ حاصل کرنے کےلیے اخبار میں اشتہار دینا پڑتا تھا تاہم اب اس کی ضرورت نہیں اب براہ راست سفارتخانے سے رجوع کر کے ڈبلیکیٹ پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔
جہاں تک آپکے سوال کا دوسرا حصہ ہے کہ فیملی کو عمرہ پربلانے کے حوالے سے تو ابھی تک کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد جاری ہے، عمرہ پر عائد پابندی مکمل طور پر نہیں اٹھائی گئی بیرون ملک سے تجرباتی طورپر مرحلے کا آغاز کیا گیاہے ۔
عام پالیسی اس وقت جاری ہوگی جب عالمی طور پرکورونا پر قابو پالیا جائے گا یا اس مہلک مرض کے لیے تیار کی جانے والی  ویکسین کے تجرباتی مراحل کامیاب ہونے کے بعد عام طور پر دستیاب ہو۔

 حقوق انسانی کا ادارہ انسانی ہمدردی کے کیسز میں فعال کردار اداکرتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

آفتاب احمد ۔۔  سائق خاص کے اقامہ پر ہوں ، اقامہ گزشتہ 5 ماہ سے ایکسپائر ہو چکا ہے جبکہ کفیل کا سسٹم اور موبائل سب بند ہیں کیونکہ وہ قتل کے کیس میں قید ہے اس پر دیت کی مد میں 50 لاکھ ریال عائد کیے گئے ہیں ، جوازات اور مکتب العمل سے رجوع کیا وہاں سے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔ میں اب کفالت تبدیل کرانا چاہتا ہوں ، کچھ سمجھ نہیں آرہا کیا کروں ، براہ کرم میری رہنمائی فرمائیں ؟
جواب ۔۔ آپ کا کہنا ہے کہ آپ نے جوازات اور لیبر آفیس سے رجوع کیا مگر وہاں سےمثبت جواب نہیں ملا آپ کو چاہئے کہ سب سے پہلے کفیل کے والد یا گھر کے کسی فرد سے ملاقات کریں اور اس کے سامنے اپنا مسئلہ پیش کریں۔
جوازات یا لیبر آفیس میں قانون کے مطابق کوئی بھی ایسا شخص جو قانون شکنی کے جرم میں قید ہوتا ہے اس کا کمپیوٹر سیز کرکے تمام معاملات روک دیئے جاتے ہیں اس کا طریقہ یہی ہے کہ کفیل کا خونی رشتہ دار عدالت سے اپنے نام وکالت نامہ بنوائے جسے کے بعد ابشر اکاونٹ کو بحال کیاجائے گا۔
اگر ایسا ممکن نہیں ہو آپ سفارتخانے یا قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے رجوع کریں اور تحریری طورپر انہیں درخواست دیں تاکہ وہ آپکی مدد کرسکیں۔
علاوہ ازیں آپ جوازات کے شعبہ قانونی امور سے رجوع کریں وہاں درخواست دیں اس کےلیے بہتر ہوگا کہ آپ قونصلیٹ کی خدمات حاصل کریں کیونکہ آج کل کورونا وائرس کی وجہ سے جوازات کے دفتر میں جانا مشکل ہے اس کےلیے پیشگی وقت لینا ہو گا۔
آپکے مسئلہ کے حل کے لیے حقوق انسانی کمیشن بھی اہم ذریعہ ہوسکتا ہے جہاں سے مدد لے کر آپ کفالت تبدیل کراسکتے ہیں ۔
سعودی عرب میں حقوق انسانی کا ادارہ اس قسم کے معاملات میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمعاملات کو بہتر طور پر حل کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرتا ہے۔

شیئر: