Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بڑی عمر کے افراد کی دیکھ بھال کیسے ؟ 

جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے بڑی عمر کے افراد گھر کے اندر رہیں (فوٹو:فری پکس)
سردیوں کے موسم میں بڑی عمر کے افراد کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے جوڑوں کا درد، خشک جلد اور ان جیسے مزید مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
بڑی عمر کے افراد کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے جس کے باعث وہ نوجوانوں کی نسبت جلدی کسی انفیکشن کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جسم کا درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے خون کی گردش کم ہو جاتی ہے جس کے باعث جسم کو آکسیجن بھی کم ملتی ہے اور سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق ایسی حالت میں بڑی عمر کے افراد کو دل کا دورہ پڑنے، جگر کی خرابی اور فالج کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔ سردیوں میں دمہ کی بیماری کا بڑھنا عام بات ہے۔

 

سردیوں میں درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کم ہونے سے جلد خشک ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے اور یہ فنگل انفیکشن بھی پیدا کرتا ہے۔ مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر بڑی عمر کے افراد کی دیکھ بھال میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
درجہ حرارت گرم رکھیں 
جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے بڑی عمر کے افراد گھر کے اندر رہیں گرم کپڑے پہنیں اور پینے کے پانی کو بھی نم گرم کر کے پئیں اس سے ہائپوتھرمیا کی بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
جسمانی سرگرمی جاری رکھیں
سردیوں میں گھروں میں رہنا ضروری ہے لیکن بہت زیادہ وقت گھر میں رہنے سے معمول کی جسمانی سرگرمی کم ہو جائے گی، لہٰذا ضروری ہے کہ گھر کے اندر ہی واک کریں، ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی جاری رکھیں تاکہ پسینہ آئے اور جسم سے زہریلا پانی نکل جائے۔ ایسا کرنے سے نہ صرف خون کی روانی بہتر رہے گی بلکہ جلد بھی خشکی سے بچی رہے گی۔

پانی پیتے رہیں

عام طور پر سردیوں میں جسم کے اندر پانی کم ہو جاتا ہے اور ہوا میں نمی کی کمی ہوتی ہے۔ لہٰذا یہ عدم توازن جسم کو ڈی ہائیڈریٹ کرسکتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ پانی پیتے رہیں۔

بڑی عمر کے افراد کو کھانے پینے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور وٹامنز کا استعمال کرنا چاہیے (فوٹو: پِکسابے)

کھانا، سپلیمنٹس اور جڑی بوٹیاں
بڑی عمر کے افراد کو کھانے پینے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ وٹامنز کا استعمال کرنا چاہیے خاص طور پر وٹامن ڈی (دودھ) ، وٹامن بی 12 ، وٹامن سی (کھٹے اور رسیلے پھل)، کیلشیم سے بھرپور کھانے، اومیگا 3 فیٹی ایسڈ شامل ہیں۔ وٹامن ڈی، کیلشیم، اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سپلیمنٹس ٹانگوں کے درد کو کم کرنے میں مدد کریں گے۔ کالی مرچ ، اور پودینہ جیسی جڑی بوٹیاں مدافعتی نظام کو بڑھانے والے اہم کارکنوں کے طور پر کام کرتی ہیں۔ سبز پتوں والی سبزیاں بے حد اینٹی آکسیڈینٹس پر مشتمل ہوتی ہیں اور جسم میں خون کی گردش میں بھی مدد کرتی ہیں۔ 
معمولات قائم رکھنا
اپنے دن کا آغاز اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سے کریں جس میں انڈے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں اور اسے ایک گلاس گرم دودھ کے ساتھ ختم کرنا صحت مند معمولات کا حصہ ہے۔ دن بھر کی روٹین میں ہلکی پھلکی ورزش، یوگا، پھلوں کا استعمال، جسم اور دماغ کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بھی دور رکھتا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں