Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں لوگوں لوٹنے والا 3 رکنی گروہ گرفتار

ملزمان میں ایک سعودی اور2 یمنی شامل ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں پولیس نے لوٹ مار میں ملوث 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا جو خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکارظاہر کرکے لوگوں کو لوٹا کرتے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس کے حوالے سے کہا ہے کہ پولیس کو ایک ایسے گروہ کے بارے میں شکایات موصول ہوئیں جس کے ارکان خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے سے منسوب کرکے غیر ملکیوں کو ڈرا دھمکاکر ان سے رقوم چھین لیتا تھا۔
گروہ کے بارے میں ایک شخص نے پولیس میں رپوٹ درج کراتے ہوئے کہا تھا کہ 3 افراد  اس کے گھرمیں زبردستی داخل ہوئے اور گھرکی تلاشی لینے کا کہا ۔
مدعی کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان نے اپنا تعلق قانون نافذ کرنےوالے ادارے سے ظاہر کیا اورگھرکی تلاشی لینے کا کہہ کر وہاں موجود نقد رقم اور سونے کے زیورات لے کرفرار ہوگئے۔
ملزمان کے بارے میں رپورٹ درج کرنے کے بعد پولیس نے ان کی گرفتار کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے کیس کرائم یونٹ کو ارسال کردیا۔
مخصوص یونٹ کی ٹیم نے جلد ہی تینوں ملزمان کا سراغ لگا کرانہیں گرفتار کرلیا۔ ملزمان جن میں ایک سعودی اور2 یمنی ہیں کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
گروہ کے خلاف چوری ، لوٹ مار اور خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے سے منسوب کرنے کا مقدمہ دائر کرکے چالان پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کردیا گیا جہاں مزید تحقیقات کے بعد مقدمہ فوجداری عدالت میں چلایا جائے گا

شیئر: