Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کچھ ہو نہ جائے‘، اسرائیل نے سائنسدانوں کو سفر سے روک دیا

اسرائیل کے انسداد دہشت گردی کے بیورو نے شہریوں اور سائنسدانوں کو غیر ضروری سفر سے خبردار کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیل کے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے نے ملک سے باہر مقیم یا سفر پر گئے ہوئے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ ’اسرائیلی شہریوں کو ایرانی دھمکیوں میں اضافے کے پیشِ نظر احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔‘
اسرائیلی شہریوں کے لیے یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزیراعظم بنیامین نتنیاہو امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن سے کہنے والے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ ’پرانے، بے کار اور ناکام‘ جوہری معاہدے کی جانب واپس نہ جائیں۔ اسرائیلی وزیراعظم امریکی صدر سے یہ بھی کہیں گے کہ ایران صرف سختی کی زبان ہی سمجھتا ہے۔

 

اخبار الشرق الاوسط کے مطابق اسرائیل کے انسدادِ دہشت گردی کے بیورو نے اسرائیلی ماہرینِ فزکس اور جوہری سائنسدانوں سے کہا ہے کہ وہ بیرونِ ملک سفر سے گریز کریں اور ملک میں بھی اپنے روز مرہ امور میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
اسرائیل کی جانب سے جاری کیے گئے انتباہ کے مطابق ’ایران کی جانب سے ماضی میں بھی کئی ملکوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں  کی گئی ہیں اور خطرہ ہے کہ ایران اسی طرح اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کرے گا۔‘
انسدادِ دہشت گردی کے ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ممکنہ ممالک جہاں اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا سکتی ہے ان میں جارجیا، آذربائیجان، ترکی، متحدہ عرب امارات، بحرین اور عراق کے کرد علاقوں کے علاوہ مشرقِ وسطی اور براعظم افریقہ کے ممالک شامل ہیں۔  
بیورو نے یہ بھی کہا ہے کہ دسمبر اور جنوری میں چھٹیوں کے دوران خطرہ ہے کہ یورپ کے اندر بھی ایسی کارروائیوں ہوں۔

شیئر: