Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آنتوں کی بیماریوں سے بچنے کے لیے ایواکاڈو کھانا کتنا مفید؟

تحقیق کے مطابق جن افراد نے ایواکاڈو استعمال کیا ان کی آنتوں میں فائبر توڑنے کی صلاحیت زیادہ تھی۔ فوٹو انسپلیش
الینوائے یونیورسٹی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق روز مرہ کی غذا میں ایواکاڈو (ناشپاتی کی طرح کا ایک پھل جسے مگرناشپاتی بھی کہا جاتا ہے) کھانے سے آنت کی بیماریوں سے نجات مل سکتی ہے۔
مگرناشپاتی ایک صحت مند پھل ہے جس میں غذائی ریشہ اور مونوسوٹریٹڈ چربی ہوتی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ مگرناشپاتی نظام انہضام کے جرثوموں کو کس طرح سے متاثر کرتی ہے۔
جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والے اس مقالے کی مصنفہ شیرون تھامسن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مگرناشپاتی آنتوں کے جرثوموں کو تندرست رکھتی ہیں کیونکہ وہ فائبر کو توڑنے اور غیر صحت بخش تیزاب کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
روسیا ٹوڈے کے مطابق محققین  کو معلوم ہوا ہے کہ ایسے افراد جو ناشتے میں روزانہ مگرناشپاتی کھاتے ہیں ان کی آنتوں میں ایسے جرثوموں کی کثرت ہوتی ہے جو فائبر کو توڑ دیتے ہیں اور ایسی میٹا بولائٹس پیدا کرتے ہیں جو آنتوں کے لیے مفید ہوتی ہے۔
اسی طرح ایسے افراد کو آنتوں کی بیماریاں لگنے کا خدشہ بھی ان افراد کی نسبت کم ہوتا ہے جو روزانہ مگرناشپاتی نہیں کھاتے۔

محققین کے مطابق ایواکاڈو یا مگرناشپاتی کیلوریز اور روغن  سے مالا مال ہوتی ہے۔ فوٹو انسپلیش

محققین کی ٹیم نے 25 سے 45 سال کی عمر کے 163 ایسے افراد  پر تحقیق کی جنہیں موٹاپے کی شکایت تھی۔ ان میں سے آدھے لوگوں کو روزانہ ایک مگرناشپاتی دی گئی جبکہ دیگر کو مگرناشپاتی نہیں دی گئی۔ بارہ ہفتوں بعد جب جائزہ لیا گیا تو جن افراد کو روزانہ مگرناشپاتی کھلائی جاتی رہی ان کی آنتوں میں فائبر توڑنے کی صلاحیت دیگر لوگوں سے زیادہ تھی اسی طرح وہ آنتوں کی بیماریوں سے بھی محفوظ تھے۔
ایواکاڈو یا مگرناشپاتی کیلوریز اور روغن  سے مالا مال ہوتی ہے۔ یہ آنتوں کی بیماریوں کے لیے روزانہ استعمال کی جائے تو بھی افاقہ ہوتا ہے۔ اس میں پوٹاشیم جیسے غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔ لہٰذا اسے آپ اپنی صحت مند غذا میں شامل کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اگر روزانہ مگرناشپاتی کھائی جائے تو اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ جسم کو دیگر کھانوں کی چربیوں کو جذب کرنے سے باز رکھتی ہے۔
متذکرہ تحقیق کی شریک مصنفہ ہانا ہولشر کا کہنا ہے کہ ’جس طرح ہم دل کے لیے صحت مند کھانے کے بارے میں سوچتے ہیں، اسی طرح ہمیں آنتوں کے لیے بھی صحت مند کھانے کے بارے میں بھی سوچنے کی ضرورت ہے۔ مگرناشپاتی غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے، جس میں فائبر اور صحت مند چکنائی ہوتی ہے یہ جرثوموں کے ذریعے آنتوں کو صحت مند رکھنے میں مددگار ہے‘
انہوں نے مزید کہا یہ ایک اچھی طرح سے تیار شدہ پھل ہے جس میں صحت کے لیے اہم غذائی اجزا شامل ہیں۔

شیئر: