Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا گوگل اور وکی پیڈیا کو گستاخانہ مواد ہٹانے کے لیے نوٹس

پی ٹی اے کے مطابق مواد نہ ہٹانے کی صورت میں پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016  کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گوگل اور وکی پیڈیا کو اپنے پلیٹ فارمز سے گستاخانہ مواد ہٹانے کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔
جمعے کو پی ٹی اے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی کو گوگل پلے سٹور پر قرآن پاک کے غیر مستند نسخے کے اپلوڈ کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
’اسی طرح سرچ انجن خلیفہ اسلام کے حوالے سے بھی گمراہ کن نتائج دکھاتا ہے جس کے خلاف شکایات آئی ہیں۔‘

 

پی ٹی اے کے مطابق یہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے جس پر گوگل سے رابطہ کر کے غیرقانونی مواد ہٹانے کے لیے کہا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ متعلقہ پلیٹ فارم کو پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016  (پی ای سی اے) اور قواعد 2020 کے تحت گستاخانہ مواد ہٹانے کا نوٹس جاری کیا گیا۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ وکی پیڈیا پر پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکوں کی موجودگی اور مضامین کے ذریعے گمراہ کن معلومات پھیلانے کے خلاف بھی شکایات موصول ہوئیں جن پر پلیٹ فارم کو مواد ہٹانے کے لیے نوٹس بھیجا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق مواد نہ ہٹانے کی صورت میں پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016  (پی ای سی اے) اور قواعد 2020 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

شیئر: