Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹیم کرائسٹ چرچ حملے کے متاثرین کے ساتھ: ’دل چُھونے والے جذباتی مناظر‘

پاکستانی ٹیم نے کرائسٹ چرچ مسجد حملے کے متاثرین کے ساتھ نیوزی لینڈ میں ملاقات کی (فوٹو: ٹوئٹر)
دورہ نیوزی لینڈ پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم نے سنیچر کی دوپہر کرائسٹ چرچ مسجد پر حملے میں مارے جانے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ گزاری۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ہیگلے اوول میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی اور اکٹھے وقت گزارا۔
 
قومی ٹیم کی کرائسٹ چرچ متاثرین سے ملاقات کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر آئیں تو صارفین نے اس عمل کو خاصا سراہا۔
 

کچھ شائقین نے اس عمل کی تعریف کی تو موجودہ صورت حال میں محدود سرگرمیوں سے باہر نکلنے کی کوشش کا خیرمقدم بھی کیا۔

کرائسٹ چرچ مسجد پر حملے میں مارے گئے افراد کے اہل خانہ سے پاکستانی ٹیم کی ملاقات کو اچھا عمل قرار دینے والوں میں انڈین شائقین بھی شامل رہے۔

سویرا پاشا نے معاملے پر تبصرہ کیا تو لکھا کہ ’اس نے ان کی آنکھیں نم کر دیں، دل چُھو لینے والے جذباتی مناظر ہیں‘۔

بہت سے دیگر سوشل میڈیا صارفین کی طرح عاطف نامی صارف نے بھی قومی ٹیم کے اس عمل کی تعریف کی تو متاثرین اور ٹیم و انتظامیہ کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول کے گراؤنڈ پر ہی کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم ٹیسٹ میچ کے لیے کرائسٹ چرچ پہنچ چکی ہے۔ زخمی ہونے کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ نہ کھیل سکنے والے بابراعظم سے متعلق بھی یہ اپ ڈیٹ سامنے آچکی ہے کہ ان کے ہاتھ کا زخم خاصا بہتر ہے لیکن وہ دوسرا میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ تین جنوری سے شروع ہو گا (فوٹو: ٹوئٹر)

یاد رہے کہ 15 مارچ 2019 کو نماز جمعہ کے موقع پر ایک آسٹریلوی شہر برینٹن ٹیرنٹ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں یکے بعد دیگرے فائرنگ کی تھی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 51 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، حملے کو فیس بک پر لائیو نشر کرنے والے ملزم کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

شیئر: