Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

املج کے تاریخی عجائب گھر میں خاص کیا؟

نجی عجائب گھر 1500 نوادر پر مشتمل ہے۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ایک شہری عید عبدالمطعی الحبیشی نے تبوک ریجن کی معروف کمشنری املج کے قریے الشبحہ میں 1500 نوادر پر مشتمل تاریخی عجائب گھر قائم کیا ہے۔
سعودی شہری نے عجائب گھر کو ’بقایا الامس‘ کا نام دیا ہے۔ یہ بڑا بامعنی ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ عجائب گھر میں ماضی کی باقی ماندہ اشیا سجائی گئی ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق الشبحہ قریہ سطح سمندر سے ایک ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہاں قائم کیا گیا عجائب گھر آبا اجداد کی روزمرہ کی زندگی میں استعمال میں آنے والی اشیا پر مشتمل ہے۔ 

روزمرہ کی زندگی میں استعمال میں آنے والی اشیا پر موجود ہیں۔( فوٹو سبق) 

عید عبدالمطعی الحبیشی نے بتایا کہ ’تقریبا پندرہ برس سے نوادر جمع کرنے میں لگا ہوا تھا۔ ان میں سے بعض 600 برس پرانے ہیں۔ کہہ سکتے ہیں کہ میرا یہ عجائب گھر الشبحہ قریے کی تاریخ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے آباؤ اجداد گھروں میں جو سامان استعمال کرتے تھے ہمارے علاقے کی بدو خواتین جو زیورات سج دھج کے لیے استعمال کرتی تھیں۔ ان سب کے نمونے یہاں سجے ہوئے ہیں۔‘
خواتین چاندی کے زیورات زیادہ استعمال کرتی تھیں۔ زنانہ مردانہ ملبوسات، پیتل، تانبے، پتھر اور مٹی کے برتن عجائب گھر میں سجائے گئے ہیں۔ انواع و اقسام کے سکے اور قدیم طرز کے ہتھیار بھی محفوظ ہیں۔

انواع و اقسام کے سکے اور قدیم طرز کے ہتھیار بھی محفوظ ہیں۔ (فوٹو: سبق)

سعودی شہری نے بتایا کہ عجائب گھر کی نمائندگی مختلف قومی اور ثقافتی پروگراموں میں کر چکا ہے مثلا طائف کےعکاظ میلے، دستی مصنوعات کے میلے، املج اور آس پاس کےعلاقوں کی قومی تقریبات میں عجائب گھر کے سٹال لگا چکا ہے۔
یہاں سیاح اور مختلف علاقوں کے وفود وقتا فوقتا آتے رہتے ہیں۔ کسی سے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ آنے والوں کا اعزاز و اکرام بھی کیا جاتا ہے۔

شیئر: