Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے تاریخی علاقے میں ’بحیرہ احمر عجائب گھر‘

عجائب گھر کا افتتاح 2022 کے آخر میں ہوگا- فوٹو الشرق الاوسط
سعودی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ جدہ کے تاریخی علاقے میں ’باب البنط‘ کی عمارت میں ’بحیرہ احمر میوزیم’ قائم کیا جائے گا۔ افتتاح 2022 کے آخر میں ہوگا۔ عجائب گھر نایاب کتابوں، تصویروں، قلمی نسخوں اور نوادرات پر مشتمل ہوگا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق عجائب گھر البنط تاریخی عمارت کی کہانی بیان کرے گا۔  یہ بحیرہ احمر کے ساحلی ممالک کے باشندوں اور دنیا بھر کے انسانوں کے درمیان رابطے کے پل کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ یہ عمارت جدہ شہر میں سیاحوں، تاجروں اور حاجیوں کے لیے صدر دروازہ بنی رہی ہے۔  
وزارت ثقافت بحیرہ احمر عجائب گھر قائم کر کے ساحل کی تمدنی حیثیت، جہاز رانی، تجارت، حج وغیرہ کے قصوں پر مشتمل یہاں کے باشندوں کے تجربات کو اجاگر کرنا چاہتی ہے۔  
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عجائب گھر میں سو سے زیادہ اچھوتے شاہکار رکھے جائیں گے۔ یہاں ہر سال چار نمائشیں ہوا کریں گی جبکہ ہر عمر کے لوگوں کے لیے تعلیمی پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ 
بحیرہ احمر عجائب گھر مملکت میں حج و عمرہ زائرین کے سفرناموں کے ثقافتی ورثے کا ترجمان ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے یہ معلوم ہوسکے گا کہ مختلف ممالک کے باشندوں نے اپنی روایات، رسم و رواج اور تمدنی کارناموں کے حوالے سے کس پر کس شکل میں کیا اثر ڈالا۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

 

شیئر: