Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بڑے بریک ڈاؤن کے بعد پورے ملک میں بجلی بحال: ترجمان این ٹی ڈی سی

ترجمان کے مطابق ’تمام 500 اور 200 کے وی کے گرڈ سٹیشنز نے سپلائی شروع کر دی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں حکام کا کہنا ہے بڑے بریک ڈاؤن کے بعد پورے ملک میں بجلی کی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان نے رپورٹ کیا ہے کہ ’تمام 500 اور 200 کے وی کے گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز نے بھی بجلی کی سپلائی شروع کر دی ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’پورے ملک میں بجلی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں سنیچر کو رات گئے بجلی کے ترسیلی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر کی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔

 

اتوار کو وزیر توانائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’سنیچر کو گیارہ بج کر 41 منٹ پر گدو پاور پلانٹ میں خرابی پیدا ہوئی اور اس کے بعد سسٹم نے خود کو بند کرنا شروع کر دیا۔‘ 
اس سے قبل وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا تھا کہ بریک ڈاؤن کے بعد بڑے شہروں میں بجلی کی جزوی بحال کی جا چکی ہے تاہم خرابی کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں کیا جا سکا اور ٹیمیں گدو کے علاقے میں موجود ہیں۔
وزیر توانائی نے کہا تھا کہ ’ٹیمیں رات سے گدو کے علاقے میں موجود ہیں۔ ابھی تک فالٹ نظر نہیں آیا۔ دھند کم ہوگی تو معلوم ہوگا۔‘
پاور ڈویژن کے ایک ترجمان کے مطابق بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50 سے 0 پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوا۔

پاکستان میں اس سے قبل مئی 2018 میں ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے اس سے قبل مئی 2018 میں ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا۔  
اس وقت گدو مظفر گڑھ لائن اوردیگر پلانٹس میں خرابی کے باعث رمضان سے ایک روز قبل پنجاب، خیبرپختونخوا، وفاقی دارالحکومت، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہو گیا تھا جس سے بجلی کا ملک گیر طویل بحران پیدا ہوا تھا۔

شیئر: