Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں ایمرجنسی نافذ، مکمل لاک ڈاؤن، کنٹرول فوج کے حوالے

’ملک بھر میں جمعرات 14 جنوری، صبح 6 بجے سے پیر 25 جنوری تک مکمل کرفیو ہوگا‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
لبنانی فوج نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پورے ملک کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
لبنانی نیوز ایجنسی کے مطابق مسلح افواج کی اعلی کونسل نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملک بھر میں جمعرات 14 جنوری، صبح 6 بجے سے پیر 25 جنوری تک مکمل کرفیو ہوگا‘۔
فوج نے کہا ہے کہ ’تمام ہسپتالوں پر لازم ہے کہ وہ کورونا کے مریضوں کا علاج کریں، ان ہسپتالوں کے خلاف کارروائی ہوگی جہاں کورونا کے مریض کو داخلہ نہیں ملے گا‘۔
’ملک بھر کے ہوائی اڈوں میں پروزوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی جائے گی۔ ملک میں آنے والے غیر ملکی مسافر ہوٹل میں 7 دن تک خود کو محدود رکھیں گے جبکہ شہری اپنے گھروں میں خود کو قرنطینہ کریں گے‘۔
’ملک بھر میں تمام پبلک مقامات بند اور ہر طرح کی تقریبات اور میل جول کے علاوہ تجارتی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں گی‘۔
’تمام شہریوں کو چاہئے کہ وہ کرفیو کی مکمل پابندی کریں، انتہائی ناگزیر حالات کے علاوہ گھر سے باہر نہ نکلیں‘۔
’کرفیو سے صرف ان افراد اور اداروں کو استثنی ہوگا جنہیں متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت نامہ دیا گیا ہوگا‘۔

’ملک کے تمام ہوائی اڈوں میں پروازوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی گئی ہے‘ ( فوٹو: سکائی نیوز)

قبل ازیں لبنان کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ ’کابینہ کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے صدر نے ملک کا کنٹرول فوج کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے‘۔
’فوج کی اعلی کونسل نے ہنگامی بنیادوں پر اجتماع منعقد کیا جس میں ملک کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
 

شیئر: